فیصل رضا عابدی کی اہلیہ کی چیف جسٹس سے اپیل

میں امید کرتی ہوں کہ چیف جسٹس ثاقب نثار میری اپیل سنتے ہوئے فیصل رضاعابدی کو انسانی بنیادوں پر رہا کردیں گے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 14 نومبر 2018 19:02

فیصل رضا عابدی کی اہلیہ کی چیف جسٹس سے اپیل
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14 نومبر 2018ء) سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کی اہلیہ نے چیف جسٹس سے اپیل کرتے ہوئے فیصل رضا عابدی کو انسانی بنیادوں پر رہا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ ۔تفصیلات کے مطابق دو اکتوبر کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے چیف جسٹس پاکستان کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال سے متعلق مقدمے میں پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کی عبوری ضمانت منظور کی تھی۔

فیصل رضا عابدی اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کوثرعباس زیدی کے سامنے پیش ہوئے۔ فیصل رضا عابدی نے عدالت میں عبوری ضمانت کے لئے درخواست دائر کی ، عدالت نے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے پر 11 اکتوبر تک ضمانت منظور کرلی۔ سابق سینیٹر فیصل رضاعابدی اوران کے 3 نامعلوم ساتھیوں کے خلاف سپریم کورٹ کے جج صاحبان کی توہین کرنے، بے عزتی کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں تھانہ سیکریٹریٹ اسلام آباد میں مقدمہ درج ہے۔

(جاری ہے)

مقدمے میں انسداد دہشت گردی اور دیگر دفعات شامل ہیں۔ فیصل رضا عابدی کے خلاف مقدمہ دفعات 228،500، 505 دو، 506 اور 34 کے تحت درج کیا گیا۔ جبکہ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعہ7 اے ٹی اے بھی لگائی گئی۔ فیصل رضا عابدی کے خلاف سائبر کرائم ونگ میں بھی مقدمہ درج کیا گیا ۔ ایف آئی آر کے مطابق فیصل رضا عابدی نے چیف جسٹس کے بارے میں نازیبا کلمات ادا کئے۔

پروگرام آئن ایئر جانے کے بعد فیصل رضا عابدی کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوئی، جس میں انہوں نے چیف جسٹس ثاقب نثار کو تضحیک کا نشانہ بنایا اور دھمکی آمیز الفاظ استعمال کیے۔تاہم اب سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو گرفتار کر کے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔تاہم اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ فیصل رضا عابدی کی اہلیہ نے انسانی بنیادوں پر فیسل رضا عابدی کو رہا کرنے کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے چیف جسٹس ثاقب نثار سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میں امید کرتی ہوں کہ چیف جسٹس میری اپیل سنیں گے اور اس پر بہتر فیصلہ کرتے ہوئے میرے شوہر کو رہا کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ فیصل رضا عابدی کے والد ضعیف ہیں اور انکو 4 دن پہلے بہت ہی سنجیدہ نوعیت کا ہارٹ اٹیک ہوا ہے۔انہوں نے اپنی گود میں بچی دکھاتے ہوئے کہا کہ یہ میری اور فیصل رضا عابدی کی بیٹی ہے۔یہ ایک ماہ کی ہو چکی ہے مگر جب سے یہ پیدا ہوئی ہے ،اس کے والد نے اسے نہیں دیکھا ۔میں امید کرتی ہوں کہ چیف جسٹس ثاقب نثار میری اپیل سنتے ہوئے فیصل رضاعابدی کو انسانی بنیادوں پر رہا کردیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں