نیب لاہور نے بدعنوانی میں ملوث میسرز پیراگون سٹی پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کو گرفتار کر لیا

بدھ 14 نومبر 2018 22:45

نیب لاہور نے بدعنوانی میں ملوث میسرز پیراگون سٹی پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کو گرفتار کر لیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2018ء) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے بدعنوانی میں ملوث میسرز پیراگون سٹی پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کو گرفتار کر لیا، مذکورہ ملزم نے ندیم ضیاء اور دیگر کے ساتھ مل کر 2005ء میں عزیز بھٹی ٹائون لاہور میں ٹی ایم اے سے منظوری کے بغیر جعلی کاغذات پر 2005ء میں پیراگون سٹی پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام سے غیر قانونی ہائوسنگ سکیم شروع کی تاہم 2013ء میں ٹی ایم اے سے منظور شدہ ہائوسنگ سکیم لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو منتقل ہو گئی۔

اس کے باوجود مذکورہ ملزمان نے اس ہائوسنگ سکیم کا ریکارڈ ایل ڈی اے کو منتقل نہ کیا، اب یہ ہائوسنگ سکیم ایل ڈی اے کی ملکیت ہے تاہم ڈائریکٹر قیصر امین بٹ غیر قانونی طور پر مذکورہ ہائوسنگ سکیم کو چلا رہا ہے۔

(جاری ہے)

مذکورہ ملزم نے ندیم ضیاء اور دیگر سے مل کر بڑے پیمانے پر عوام سے اکٹھے کئے گئے فنڈز میں خوردبرد کی اور اس رقم کو اپنے ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کیا۔

مذکورہ ملزم نے دیگر ملزمان سے مل کر اس زمین کے کمرشل اور رہائشی پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹر جاری کئے جو کہ پیراگون ہائوسنگ سکیم کیلئے خریدی ہی نہیں گئی تھی۔ مذکورہ ملزم نے پیراگون سٹی کے الاٹیوں کو بروقت قبضہ دینے اور ترقیاتی کام کرانے کی بجائے عوام سے اکٹھی کی گئی رقم ذاتی کاموں پر خرچ کی۔ انکوائری کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ ملزم مفرور ہے اور ثبوتوں میں ردوبدل کر سکتا ہے۔ نیب لاہور کے افسران نے ثبوت جمع کرنے اور لوٹی گئی رقم برآمد کرنے کیلئے مذکورہ ملزم کو گرفتار کر لیا ہے تاکہ اس کے خلاف جاری انکوائری کو قانون کے مطابق نمٹایا جا سکے۔ مذکورہ ملزم کو جسمانی ریمانڈ کیلئے احتساب عدالت لاہور میں پیش کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں