وزیراعظم عمران خان نے پولیس افسر طاہر خان داوڑ کے اغواءاور قتل کی تحقیقات کا حکم دیدیا

خیبرپختونخوا حکومت اور اسلام آباد پولیس مشترکہ تحقیقات کریں گی‘وفاقی دارالحکومت سے اغواءہونے والے افسرکی لاش افغانستان سے ملی تھی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 15 نومبر 2018 12:57

وزیراعظم عمران خان نے پولیس افسر طاہر خان داوڑ کے اغواءاور قتل کی تحقیقات کا حکم دیدیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 نومبر۔2018ء) وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد سے اغوا ہونے والے پولیس افسر طاہر خان داوڑ کی لاش افغانستان سے ملنے کے معاملے پر خیبرپختونخوا حکومت اور اسلام آباد پولیس کو فوری طور پر مشترکہ تحقیقات کرنے کا حکم دے دیاہے . وزیرستان سے تعلق رکھنے والے طاہر خان داوڑ کو رواں برس کے آغاز میں دیہی علاقوں کا ایس پی بنایا گیا تھا اس سے قبل وہ یونیورسٹی ٹاﺅن اور فقیر آباد میں بحیثیت ڈی ایس پی اپنے فرائض انجام دے رہے تھے.

وہ 26 اکتوبر کو ہی پشاور سے اسلام آباد پہنچے تھے جہاں انہیں اسی روز اغوا کرلیا گیا ان کے اہل خانہ نے اسلام آباد پولیس کو بتایا تھا کہ ان کا فون شام پونے 7 بجے سے بند جارہا تھا.

(جاری ہے)

یہ بات بھی مد نظر رہے کہ ایس پی اس سے قبل بنوں میں تعیناتی کے دوران 2 خود کش حملوں کا سامنا کرچکے تھے جس میں وہ محفوظ رہے تھے. وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ایس پی طاہر خان داوڑ کے قتل کو دیکھ رہے ہیں اور کے پی حکومت کو اسلام آباد پولیس کے ساتھ مل کر اس معاملے پر فوری انکوئری کا حکم دے دیا ہے.

انہوں نے کہاکہ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کو اس معاملے کو فوری دیکھنے کے لیے کہا گیا ہے اور وہ اس کی رپورٹ جلد مجھے پیش کریں گے. اس سے قبل وزارت خارجہ نے گزشتہ ماہ لاپتہ ہونے والے خیبرپختونخوا (کے پی) کے ایس پی طاہر خان داوڑ کی لاش افغانستان سے برآمد ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی لاش کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد براستہ طورخم پاکستان پہنچایا جائے گا. وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق افغان وزارت خارجہ نے ایس پی طاہر خان داوڑ کی لاش سروس کارڈ کے ساتھ ملنے کی تصدیق کرکے کابل میں پاکستانی سفارت خانے کو آگاہ کردیا. اعلامیے کے مطابق طاہر خان کی لاش افغان صوبے ننگرہار کے ضلع دربابا میں مقامی لوگوں کو ایک روز قبل ملی تھی.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں