مخیرحضرات نے وزیراعظم سے ملاقات میں بڑی یقین دہانی کروا دی

مخیر حضرات نے وزیراعظم عمران خان کو لاہور میں حالیہ اعلان کردہ 5 پناہ گاہوں کے تمام اخراجات اٹھانے کی یقین دہانی کروا دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 16 نومبر 2018 12:08

مخیرحضرات نے وزیراعظم سے ملاقات میں بڑی یقین دہانی کروا دی
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 نومبر 2018ء) مخیرحضرات نے وزیراعظم سے ملاقات میں بڑی یقین دہانی کروا دی۔ مخیر حضرات نے وزیراعظم عمران خان کو لاہور میں حالیہ اعلان کردہ 5 پناہ گاہوں کے تمام اخراجات اٹھانے کی یقین دہانی کروا دی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے لاہورسے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات و مخیر حضرات کے وفد نے جمعرات کو ملاقات کی۔

وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفد میاں محمد احسان، گوہر اعجاز، میاں طلعت محمود، نور حضرت، ڈاکٹر عبدالباری خان، انوار احمد خان، عدیل سعید میر و دیگر پر مشتمل تھا جبکہ وزیرِاعظم کے مشیر شہزاد ارباب اور معاون خصوصی نعیم الحق بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وفد نے وزیرِاعظم کے لاہور میں حالیہ اعلان کردہ 5 پناہ گاہوں کی تعمیر کے تمام اخراجات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

وزیرِ اعظم کی جانب سے اعلان کردہ 5 پناہ گاہوں کے علاوہ مخیر حضرات کی جانب سے مزید 5 پناہ گاہیں بھی تعمیر کی جائیں گی۔ وفد کی جانب سے وزیرِاعظم کو انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے تحت پنجاب میں 5 سرکاری ہسپتال چلانے کے سلسلہ میں دی جانے والی خدمات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کی جانب سے 15 ارب روپے کی خطیر رقم سے لاہور میں 600 بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال کی بھی تعمیر کی جا رہی ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے انڈس ہیلتھ نیٹ ورک، شیخ اعجاز احمد ٹرسٹ، نعمت سلیم، غنی فاؤنڈیشن و دیگر مخیر حضرات کی جانب سے سماجی فلاح و بہبود کے سلسلہ میں پیش کی جانے والی خدمات کو سراہا۔ ملکی معیشت کی بہتری کے سلسلہ میں کاروباری شخصیات کی جانب سے وزیرِ اعظم کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی جبکہ ملاقات میں کاروباری برادری کو درپیش مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں