عالمی سطح پر حضور نبی پاکؐ کا امن و محبت کا پیغام ساری دنیا تک پہنچانے کیلئے پاکستان کی نئی حکومت مذہبی سفارتکاری سمیت تمام راستے اختیار کرے گی،

جب بھی کوئی آپؐ کی شان میں گستاخی کرتا ہے تو تصادم کی کیفیت پیدا ہوتی ہے، اسی کیفیت سے بچنے کیلئے حکومت تمام اکائیوں کو ساتھ ملا کر رواداری اور مساوات پر مبنی اقدامات اٹھائے گی،نئے پاکستان کی نئی حکومت نے بین الاقوامی معیار کی سیرت کانفرنس کا اہتمام کیا ہے وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ نومبر 19:52

عالمی سطح پر حضور نبی پاکؐ کا امن و محبت کا پیغام ساری دنیا تک پہنچانے ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 نومبر2018ء) وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر حضور نبی پاکؐ کا امن و محبت کا پیغام ساری دنیا تک پہنچانے کیلئے پاکستان کی نئی حکومت مذہبی سفارتکاری سمیت تمام راستے اختیار کرے گی، جب بھی کوئی آپؐ کی شان میں گستاخی کرتا ہے تو تصادم کی کیفیت پیدا ہوتی ہے، اسی کیفیت سے بچنے کیلئے حکومت تمام اکائیوں کو ساتھ ملا کر رواداری اور مساوات پر مبنی اقدامات اٹھائے گی۔

جمعہ کو وزارت مذہبی امور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر سال وزارت مذہبی امور قومی سیرت کانفرنس کا انعقاد کرتی ہے جو 12 ربیع الاول کے دن منعقد ہوتی ہے، اس مرتبہ نئے پاکستان کی نئی حکومت نے بین الاقوامی معیار کی سیرت کانفرنس کا اہتمام کیا ہے جس میں عالم اسلام کے سکالرز اور علماء کرام پر مبنی وفود آئیں گے۔

(جاری ہے)

کانفرنس 11 اور 12 ربیع الاول بمطابق 20 اور 21 نومبر کو ہو گی۔

سرکار دو عالمؐ کا یوم ولادت عالمی سطح پر منایا جاتا ہے، آپؐ کی سیرت طیبہ سے انسانیت کو ہر قسم کی بداخلاقیوں سے اجتناب کا پیغام ملتا ہے، آپؐ کی شان کا حق ادا نہیں ہو سکتا تاہم وزارت اور حکومت کی سطح پر کانفرنس کا انعقاد شایان شان طریقہ سے ہو گا۔ پہلے دن سیرت کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم عمران خان مہمان خصوصی ہوں گے۔ 20 نومبر کو دوسری نشست میں مقالات پیش ہوں گے اور تقاریر میں سیرت طیبہ پر مقررین اظہار خیال کریں گے۔

21 نومبر کو سیرت کانفرنس کی اختتامی نشست میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی مہمان خصوصی ہوں گے۔ اسی نشست میں قومی اور علاقائی زبانوں میں کتب سیرت، نعت اور مقالات سیرتؐ پر مقابلوں میں اول، دوئم اور سوئم آنے والوں کو انعامات دیئے جائیں گے۔ رحمة اللعالمین ﷺکانفرنس میں ملک بھر سے تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام، سفارتکاروں، سول سوسائٹی اور سیاسی اکابرین کو مدعو کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حضور نبی پاکؐ کے پیغامات ساری دنیا تک پہنچانے میں ذرائع ابلاغ ہمارے مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کانفرنس کا موضوع ’’ختم نبوت اور مسلمانوں کی ذمہ داریاں تعلیمات نبوی کی روشن میں‘‘ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوتؐ پر تمام عالم اسلام کا اجماع ہے، اس کو نہ ماننے والا دائرہ اسلام سے خارج ہے، آپؐ کا پیغام رحمت تمام مذاہب، تمام ادیان اور ساری مخلوقات کیلئے ہے۔

19 نومبر کو ریڈیو پاکستان کے زیر اہتمام نعتیہ مقابلہ ہو گا۔ کراچی کی میمن مسجد میں عالمی مقابلہ حسن قرأت ہو گا۔ 18 نومبر کی شام گورنر ہائوس لاہور میں محفل سماع ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مذہبی امور نے کہا کہ رواں سال دسمبر کے آخر میں عالمی بین المذاہب کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں جامعہ الازہر، امام کعبہ، پوپ یا ان کا کوئی خاص نمائندہ شرکت کرے گا۔

یہ کانفرنس لاہور میں ہو گی۔ اس کی صدارت بھی وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مراکش، شام، عراق، ایران، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے مندوبین شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یورپ اور امریکہ میں ایک طبقہ اہانت مقدسات اور حضور اکرمؐ کی گستاخیاں کر رہا ہے، ہماری ایسی کوششوں کی وہ لوگ مذمت کرتے ہیں، ہم اس حوالہ سے یورپ کے معتدل طبقات کی حمایت حاصل کرکے تصادم سے بچنے کی کوشش کریں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک گناہگار مسلمان بھی حضور اکرمؐ پر جان بھی قربان کرنے کیلئے تیار ہے، جب آپؐ کی شان میں کوئی گستاخی کرتا ہے تو تصادم کی کیفیت پیدا ہوتی ہے۔ ریاست پاکستان کی نئی حکومت مذہبی سفارتکاری کا سہارا ضرور لے گی، مساوات اور رواداری کے ساتھ تمام اکائیوں کو ساتھ ملا کر تمام فیصلے ہم آہنگی کے ساتھ کئے جائیں گے۔ ختم نبوتؐ کے حوالہ سے ایک طبقہ خواہ مخواہ اختلاف اور انتشار کی کیفت پیدا کرتا ہے، ان سے نمٹنے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شہروں میں پورے سال کے دوران سیرت ؐ کے پروگرام جاری رکھیں گے۔

اسلام آباد شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments