میں نے تو خود کئی مواقع پر یوٹرن لیا ہے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوٹرن لینے کا اعتراف کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 17 نومبر 2018 12:43

میں نے تو خود کئی مواقع پر یوٹرن لیا ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 نومبر 2018ء) : وزیراعظم عمران خان اپنے یوٹرن سے متعلق بیان پر تنقید کی زد میں ہیں۔ جہاں ایک طرف وزیراعظم عمران خان کے اس بیان کو ہدف تنقید بنایا گیا وہیں دوسرے جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوٹرن لینے کا اعتراف کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی گذشتہ روز اپنی اہلیہ کے ہمراہ مقامی شاپنگ مال گئے اور کافی پی۔

اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میں نے زندگی میں کئی مواقع پر یو ٹرن لیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ زندگی میں حالات کی مناسبت سے فیصلے کئے جاتے ہیں۔ صدر مملکت کی اہلیہ سے جب کپتان کے بیان سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں کسی سیاسی سوال کا جواب نہیں دوں گی۔ مقامی شاپنگ مال آمد پر صدر مملکت اور ان کی اہلیہ نے لوگوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یوٹرن سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے بیان نے وفاقی وزرا کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ یوٹرن کو ایک لیڈر کی سب سے بڑی خوبی قرار دینے پر بھی وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ تبدیلی کا دعویٰ کرنے والے وزیراعظم عمران خان نے ''یوٹرن'' کے فضائل بیان کیے اور ملکی سیاست میں ''یو ٹرن'' کا ایک نیا بیانیہ بھی متعارف کروادیا۔

وزیراعظم عمران خان نے نپولین اور ہٹلر کی مثال تو دے دی لیکن انہوں نے کسی ایک بھی ایسے لیڈر کا تذکرہ نہیں کیا جنہوں نے اپنی زندگی میں یوٹرن لیے ہوں۔ عمران خان نے گذشتہ روز دئے جانے والے اپنے بیان میں یوٹرن نہ لینے والے عالمی لیڈرز کو لیڈرز ماننے سے ہی انکار کر دیا۔ عمران خان کے بیان پر ان کی اپنی ہی کابینہ، حکومت اور پارٹی کے اراکین بھی ایک گھمبیر سوچ میں مبتلا ہو گئے ہیں کہ انہوں نے تو اتنے سال ایک ایسے کپتان کا ساتھ دیا جو کبھی اپنی بات سے پیچھے نہیں ہٹتے تھے ، اور ہمیشہ وہی کیا جو کہا ۔

لیکن اب ان کو بھی سوچنا پڑے گا کہ وزیراعظم عمران خان کی کون سے بات ٹھیک ہے اور کون سی نہیں کیونکہ عین ممکن ہے کہ گذشتہ روز یوٹرن سے متعلق عمران خان کا بیان مستقبل میں ان کے فیصلوں کے حوالے سے ایک وارننگ ہو۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں