حکومت کا شریف فیملی کیخلاف4 مزید کیسزنیب کو بھیجنےکا اعلان

سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نوازاور شہباز شریف نے جہاز کا غیرقانونی استعمال کیا، لندن میں مرحومہ کلثوم نواز کے نام پر پراپرٹی ڈکلیئر نہیں کی گئی، رائیونڈ کی سکیورٹی پر60 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ وزیراعظم کے مشیرشہزاد اکبراورافتخار درانی کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 17 نومبر 2018 15:59

حکومت کا شریف فیملی کیخلاف4 مزید کیسزنیب کو بھیجنےکا اعلان
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 نومبر 2018ء) وزیراعظم کے مشیراور معاون خصوصی نے کہا ہے کہ سابق حکومت کے خلاف 4 مزید کیسز نیب کو بھیجیں گے، نوازشریف ، مریم نواز اور شہباز شریف نے جہاز کا غیرقانونی استعمال کیا،لندن میں مرحومہ کلثوم نواز کے نام پر پراپرٹی ڈکلیئر نہیں کی گئی، رائیونڈ کی سکیورٹی پر 60 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ وہ آج یہاں پریس کانفرنس کررہے تھے۔

وزیراعظم کے مشیر شہزاد اکبر نے کہا کہ سابق حکومت کے خلاف 4 کیسز نیب کو بھیجیں گے۔2013 سے 2018ء تک کی چیزیں ہم اٹھاتے ہیں۔نوازشریف ، مریم نواز اور شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر اور جہاز کا غیرقانونی استعمال کیا ۔سابق دور میں ہوائی سفر پر 340 ملین غیرقانونی طور پر خرچ ہوئے۔گزشتہ دور میں وزیراعظم کے جہاز کا غیرقانونی استعمال ہوا۔

(جاری ہے)

مریم نواز کے وزیراعظم کے جہاز کا بھی کیس فائل کررہے ہیں۔

برطانوی اخبار نے جس جائیداد کا ذکر کیا نوازشریف نے اس جائیداد کو چھپایا۔لندن کی ایک اور پراپرٹی کو نوازشریف نے کہیں بھی ڈکلیئر نہیں کیا۔پراپرٹی مرحومہ کلثوم نواز کے نام پر لی گئی جوکہیں بھی ڈکلیئر نہیں کی گئی۔ شریف فیملی کیخلاف نئی جائیداد کا کیس بھی نیب کو بھجوائیں گے۔ برطانیہ سے تازہ دستاویزات منگوا لی ہیں۔ نوازشریف کی بطور وزیراعظم ذمہ داری تھی کہ اثاثوں سے متعلق بتاتے۔

ایف بی آر اور الیکشن کمیشن کو ریکارڈ جمع نہیں کروایا گیا۔شہزاد اکبر نے کہا کہ سندھ سے متعلق جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے بنائی ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے کہا کہ رائیونڈ کی سکیورٹی پر 60 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ایک دیوار بنانے کیلئے کروڑوں روپے لگائے گئے۔شہبازشریف کے سفری اخراجات کا معاملہ نیب کو بھجوا رہے ہیں۔ شہباز شریف نے 60 کروڑ روپے جہاز کے سفرکی مد میں خرچ کیے۔انہوں نے کہا کہ ایسے انکشافات کے بعد عوام کو سوچنا چاہیے کہ ہم نے کن کو منتخب کیا تھا۔نیب کے تمام کیسز جو ہم فائل کررہے ہیں ان پر سٹینڈ لیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں