بلاول بھٹو زرداری پانچ روزہ دورے پر گلگت پہنچ گئے

(کل) سہ پہر پولو گرائونڈ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، چیئرمین پیپلزپارٹی گلگت میں قیام کے دوران تنظیمی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے، استور، گھانچی اور اسکردو سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں اور کارکنوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے،مصطفی نوازکھوکھر

ہفتہ 17 نومبر 2018 21:36

بلاول بھٹو زرداری پانچ روزہ دورے پر گلگت پہنچ گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پانچ روزہ دورے پر گلگت روانہ ہوگئے ہیں جہاں (کل) سہ پہر پولو گرائونڈ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفی نواز کھوکھر نے اسلام آباد کے صحافیوں کو بتایا کہ گلگت پہنچنے پر گلگت بلتستان کے پارٹی کے صوبائی صدر امجد حسین اور دیگر عہدیداران سمیت بڑی تعداد میں کارکنوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔

(جاری ہے)

گلگت شہر کو پیپلزپارٹی کے پرچموں اور چیئرمین بلاول بھٹو کی تصاویر سے سجا دیا گیا ہے اور گلگت میں جشن کا سماں ہے۔ مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی گلگت میں قیام کے دوران تنظیمی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ استور، گھانچی اور اسکردو سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں اور کارکنوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کو حقوق دئیے تھے جو اب چھین لئے گئے ہیں مگر پاکستان پیپلزپارٹی آج بھی گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ ہے۔ مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی جلسے سے خطاب میں گلگت بلتستان کے حقوق کی جدوجہد میں ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں