سٹیل ملز،پی آئی اے اور پاکستان ریلویز جیسے سٹریٹجک اہمیت کے سرکاری ملکیتی اداروں کی نجکاری کا کوئی منصوبہ نہیں ،ْاسد عمر

وزیراعظم کے چین اور سعودی عرب کے دونوں دورے انتہائی کامیاب رہے ،ْ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان اختلاف رائے بھی نہیں ہے ،ْ انٹرویو

ہفتہ 17 نومبر 2018 22:17

سٹیل ملز،پی آئی اے اور پاکستان ریلویز جیسے سٹریٹجک اہمیت کے سرکاری ملکیتی اداروں کی نجکاری کا کوئی منصوبہ نہیں ،ْاسد عمر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2018ء) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے واضح کیا ہے کہ پاکستان سٹیل ملز،پی آئی اے اور پاکستان ریلویز جیسے سٹریٹجک اہمیت کے سرکاری ملکیتی اداروں کی نجکاری کا کوئی منصوبہ نہیں ۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹیل ملز ان منصوبوں میں میں شامل ہے جو ملک میں خام لوہے اور کوئلے کے وسیع زخائر کی موجودگی میں انتہائی سٹریٹجک اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستان سٹیل ملز انتظامیہ کو ملز کو بھر پور صلاحیت سے چلانیکی غرض سے جامع منصوبہ پیش کر نے کیلئے 45دنوں کا وقت دیا ہے۔ماضی کی دو حکومتوں نے منصوبے کی فزیبلٹی سٹڈی کی تھی ایک سٹڈی روس جبکہ دوسری چین سے کرائی گئی گئی تھی اور دونوں نے منصوبے کو قابل عمل اور منافع بخش ورار دیا تھا۔

(جاری ہے)

پی آئی اے سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ حال ہی میں حکومت نے ائر لائن کا بزنس چلانے کیلئے حکومت نے 23ارب روپے بیل آوٹ پیکج کی منظوری تھی تھی لیکن یہ مستقل حل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ملک اقتصادی بحران کا شکار تھا، ہماری حکومت نے تمام آپشنز پر غور کرتے ہوئے ملکی معیشت کے استحکام کے لیے مثبت و ٹھوس اقدامات کیے جس کی وجہ سے ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے چین اور سعودی عرب کے دونوں دورے انتہائی کامیاب رہے جنہوں نے ملکی معیشت کی بہتری میں مدد کی۔

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ریاست کے معاملات چلانے کے لیے حکومت کم سے کم شرح سود پر قرض حاصل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی اقتصادی چیلنجز میں مدد کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا بیل آئوٹ پیکج ناگزیر تھا۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ وفاق کا تمام صوبوں کے ساتھ اچھے تعاون اور بہتر کام کرنے والا تعلق ہے اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان اختلاف رائے بھی نہیں ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں