دو روزہ عالمی رحمت اللعالمین کانفرنس کل شروع ہوگی

پاکستان سمیت دیگر اسلامی ممالک سے آئے ہوئے جیّد علمائے کرام حضور نبی پاکؐ کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کریں گے

پیر 19 نومبر 2018 14:37

دو روزہ عالمی رحمت اللعالمین کانفرنس کل شروع ہوگی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) حضورؐ کے یوم ولادت کے موقع پر 2 روزہ عالمی رحمت اللعالمین کانفرنس کل منگل کو شروع ہو گی، وزارت مذہبی امور کے زیراہتمام 2 روزہ سیرت کانفرنس کے مجموعی طور پر تین سیشن ہوں گے۔ افتتاحی اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ کل منگل کی شام کانفرنس کے دوسرے سیشن میں پاکستان سمیت دیگر اسلامی ممالک سے آئے ہوئے جیّد علمائے کرام حضور نبی پاکؐ کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کریں گے۔

21 نومبر کو سیرت کانفرنس کی اختتامی نشست میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی مہمان خصوصی ہوں گے۔ رواں سال سعودی عرب، مراکش، مصر، ایران سمیت دیگر اسلامی ممالک سے بھی مندوبین سیرت کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

رواں سال کانفرنس کا موضوع ’’ختم نبوت اور مسلمانوں کی ذمہ داریاں تعلیمات نبوی کی روشن میں‘‘ ہے، تیسرے اور آخری سیشن میں ہی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی قومی اور علاقائی زبانوں میں کتب سیرت، نعت اور مقالات سیرتؐ پر مقابلوں میں اول، دوئم اور سوئم آنے والوں کو انعامات سے نوازیں گے،رحمة اللعالمین ﷺکانفرنس میں ملک بھر سے تمام مکتبہ ہائے فکر کے علماء کرام، سفارتکاروں، سول سوسائٹی اور سیاسی اکابرین کو مدعو کیا گیاہے۔

واضح رہے کہ رواں سال حکومت نے حضورؐ کے یوم ولادت کو قومی سطح پر منانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد ساری دنیا تک آپ ؐ کے امن اور محبت کے پیغام کوپہنچاناہے اور کانفرنس کا موضوع بھی ’’ختم نبوت اور مسلمانوں کی ذمہ داریاں تعلیمات نبوی کی روشن میں‘‘ رکھا گیا ہے جس سے صاف واضح ہے کہ ختم نبوت کے معاملے پر کوئی بھی کلمہ گو کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتا۔

ختم نبوتؐ پر تمام عالم اسلام کا اجماع ہے، اس کو نہ ماننے والا دائرہ اسلام سے خارج ہے، آپؐ کا پیغام رحمت تمام مذاہب، تمام ادیان اور ساری مخلوقات کے لئے ہے۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق رواں سال دسمبر کے آخر میں عالمی بین المذاہب کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں جامعہ الازہر، امام کعبہ، پوپ یا ان کا کوئی خاص نمائندہ شرکت کرے گا اور یہ کانفرنس لاہور میں ہو گی۔ اس کی صدارت بھی وزیراعظم عمران خان کریں گے۔وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں سال مختلف شہروں میں پورے سال کے دوران سیرت ؐ کے پروگرام جاری رکھیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں