یتیموں کو تعلیم کی سہولیات اورہمدردانہ ماحول کی فراہمی کے ذریعے معاشرے میں مثبت اقدار کی عکاسی ہوتی ہے

خاتون اول بیگم ثمینہ علوی کا ایوان صدر میں منعقدہ محفل میلاد سے خطاب

پیر 19 نومبر 2018 19:44

یتیموں کو تعلیم کی سہولیات اورہمدردانہ ماحول کی فراہمی کے ذریعے معاشرے میں مثبت اقدار کی عکاسی ہوتی ہے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ یتیموں کو تعلیم کی سہولیات اورہمدردانہ ماحول کی فراہمی کے ذریعے ان کا خیال ر کھنے سے معاشرے میں مثبت اقدار کی عکاسی ہوتی ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں منعقدہ محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محفل میلاد میں پیغمبراسلام حضرت محمدﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں یتمیوں کی دیکھ بھال کے موضوع کو خصوصی طور پر اہمیت دی گئی۔

ملکی تاریخ میں پہلی بارایوان صدر میں عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں منعقدہ اس محفل میلاد میں پاکستان سویٹ ہومز، انجمن فیض الاسلام اور ایس اوایس ویلج میں زیرکفالت یتیم بچوں کومہمانان خصوصی کے طورپر مدعو کیا گیا۔

(جاری ہے)

محفل میلاد میں خواتین وزراء و اراکین پارلیمان اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان کی بیگمات نے شرکت کی۔ خاتون اول نے اپنے خطاب میں کہاکہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں یتیموں کے ساتھ رحم دلی اورنیکی کرنے کے اس جہاں اورآخرت میں عظیم ثواب ہے۔

خاتون اول نے نبی کریمﷺ کی حدیث ’’یتیموں کاخیال رکھنے والا جنت میں میرے ساتھ ہوگا‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اسلام نے دولت اورجائیداد کے تحفظ سمیت یتیموں کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج ایک عظیم ہستی کے میلاد کے موقع پر ان بچوں کو مہمانان خصوصی کے طورپرمدعوکرنا ایک عاجزانہ اقدام ہے تاکہ اس عظیم ہستی کی میلاد کے موقع پر یہ اپنے آپ کو خصوصی سمجھیں۔اس موقع پربچوں نے دیگر کے ہمراہ حمد اورنبی کریمﷺ کو گلہائے عقیدت پیش کیا اوردرود سلام کا ورد کیا۔خاتون اول نے بعد میں خصوصی مہمان بچوںکے اعزاز میں ظہرانہ دیا اورانہوں نے بعض کمسن بچوں کے ساتھ ایک ہی میز پرکھانا کھایا۔ بعدازاں مہمانان خصوصی کو ایوان صدر کے مختلف حصوں کادورہ کرایاگیا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں