موجودہ جمہوری حکومت اظہار رائے کے بنیادی حق پر کامل یقین رکھتی ہے، آزادی صحافت اور جمہوریت ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں، حکومت صحافیوں کے تحفظ اور اور فلاح و بہبود کے لئے پر عزم ہے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور ہزارہ جرنلسٹس کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

پیر 19 نومبر 2018 23:51

موجودہ جمہوری حکومت اظہار رائے کے بنیادی حق پر کامل یقین رکھتی ہے، آزادی صحافت اور جمہوریت ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں، حکومت صحافیوں کے تحفظ اور اور فلاح و بہبود کے لئے پر عزم ہے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور ہزارہ جرنلسٹس کے وفد نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت اظہار رائے کے بنیادی حق پر کامل یقین رکھتی ہے، آزادی صحافت اور جمہوریت کا آپس میں گہرا رشتہ ہے، دونوں ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کے تحفظ اور اور فلاح و بہبود کے لئے پر عزم ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ علاقائی اور دور افتادہ صحافیوں کو بہتر صحافتی سہولیات کی فراہمی کی مخلصانہ کاوشیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کام کرنے والے صحافیوں کو بھی وہی سہولیات حاصل ہونی چاہئیں جو مرکزی دھارے میں صحافیوں کو حاصل ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ صحافیوں کے لئے تربیتی پروگرامز میں اضافہ کیلئے کوششیں کریں گے جس سے انہیں اپنی پیشہ وارانہ استعداد میں مزید اضافہ کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کو ہر فورم پر اجاگر کرتے رہیں گے، بہادر کشمیریوں نے اپنے صبر سے بھارتی ظلم و بربریت کو شکست دی ہے، آزاد کشمیر کے صحافی مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے اور خود ارادیت کے حق کے حصول کی جدوجہد کو اجاگر کرنے میں اپنے قلم کی طاقت کا بھرپور استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد آزاد کشمیر، ہزارہ اور گلگت بلتستان کے پریس کلبوں کا دورہ کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں