حضورؐ کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں

پاکستان کا آئین جن کو غیرمسلم قراردے وہ کبھی مسلمان نہیں ہوسکتے، وزارت مذہبی امور علماء اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی رہے گی فاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری

جمعرات 22 نومبر 2018 14:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2018ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین جس کو غیرمسلم قراردے وہ کبھی مسلمان نہیں ہوسکتا، وزارت مذہبی امور علماء اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی رہے گی، حضورؐ کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیرت النبیؐ کانفرنس کا انعقاد رسمی یا روایتی طریقے سے نہیںبلکہ عبادت سمجھ کر کررہے ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ کے بعد ہم پر حضورؐکے سب سے زیادہ احسانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قابل مسرت بات ہے کہ کانفرنس میں برطانیہ، بھارت، ایران، عراق، سعودی عرب، مراکش، لبنان، شام اوردیگرممالک سے علماء ومشائخ شرکت کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام کی ترویج میں وزارت ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور ہم علماء اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

پیر نورالحق قادری نے کہا کہ پاکستان کا آئین جن کو غیرمسلم قرار دے چکا ہے وہ کبھی مسلمان نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کے خلاف پاکستان نے توانا آواز بلند کی اور وزیراعظم عمران خان نے واضح پیغام دیا تھا کہ شاید مغرب کو علم نہیں کہ ہم اپنے نبیؐ سے کتنی محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاکوں کے حوالے سے ہالینڈ کے سفیر کو بلا کر شدید ردعمل کا اظہارکیا گیا اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مسلم ممالک کے وزراء خارجہ کو فون کیا اور موثرحکمت عملی اپنانے کا کہا۔

انہوں نے کہا کہ حضورؐ کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں اور حضورؐ نے ہمیشہ مساوات کا درس دیتے ہوئے کہا کہ کسی گورے کو کالے پر اور کسی عربی کو عجمی پر فوقیت نہیں اور تقویٰ ایسی چیز ہے جو اعمال کی بلندی کا ذریعہ ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں