شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور انصاف کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے،

آسان، سہل اور جلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا تحریک انصاف کے منشور کا بنیادی جزو ہے، وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم کی وزیر اعظم کو بریفنگ

جمعرات 22 نومبر 2018 16:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2018ء) وزیر ا عظم عمران خان نے شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کو انصاف کی فراہمی کو ریاست کی بنیادی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آسان، سہل اور جلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا تحریک انصاف کے منشور کا بنیادی جزو ہے، کمزور طبقات کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکنہ کوشش کریں گے۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو وزیر اعظم آفس میں قانونی اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم نے وزیر اعظم کو قانونی اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایاگیا کہ اصلاحات کا مقصد موجودہ قوانین میں ترامیم اور نئے قوانین کا نفاذ ہے تاکہ تحریک انصاف کے منشور کے تحت انصاف کے حصول کا عمل آسان ، کم خرچ اور تیز بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ آسان، کم خرچ اور جلد انصاف کی فراہمی کے لیے ٹیکنالوجی سلو شنز کو متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ انصاف کی فراہمی میں عدالتوں کی معاونت کی جا سکے۔ ناداروں اور کمزور طبقوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے ریاست کی جانب سے قانونی معاونت کی فراہمی کے لیے قوانین متعارف کرائے جا رہے ہیں جبکہ وراثت میں حق کے حصول سمیت خواتین کے دیگر حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بھی خصوصی قوانین متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ وسل بلوئر پروٹیکشن اینڈ ویجیلنس کمیشن تشکیل دیا جا رہا ہے جس کا مقصد کرپشن یا دیگر جرائم کی نشاندہی کرنے والوں کو نہ صرف تحفظ فراہم کرنا ہے بلکہ ان کو انعام سے نوازا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ سرکاری ملازمین کے سروس معاملات میں انصاف کے حصول کے عمل کو بھی آسان بنایا جا رہا ہے۔ بیرون ممالک سے دوطرفہ قانونی معاونت کے معاہدوں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی غرض سے میوچل لیگل اسسٹنس بل متعارف کرایا جائے گا۔

یہ بل گذشتہ نو سال سے التواء کا شکار رہا ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری ملائیکہ علی بخاری نے وزیر اعظم کو خواتین کے حقوق کے تحفظ کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے جامع اور مفصل قانونی اقدامات پر آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور انکو آسان اور سہل انصاف کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوںنے کہاکہ انصاف کی فراہمی کا عمل وسائل پر نہیں بلکہ ریاست کے احساس ذمہ داری اور رحم سے وابستہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آسان، سہل اور جلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا تحریک انصاف کے منشور کا بنیادی جزو ہے۔ کمزور طبقوں کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکنہ کوشش کریں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خواتین، بچوں اور گھریلو ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں