دس روز کے دوران دوسری مرتبہ بجلی کی قیمت میں اضافہ

نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 47 پسی فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 22 نومبر 2018 15:35

دس روز کے دوران دوسری مرتبہ بجلی کی قیمت میں اضافہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 نومبر 2018ء) : نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 47 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا۔ بجلی کی قیمت میں اضافے کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔

نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ اکتوبر کے مہینے میں فرنس آئل سے زیادہ بجلی پیدا کی گئی۔ لاگت کی وصولی صارفین سے نومبر کے بلوں میں کی جائے گی۔ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک ، لائف لائن اور زرعی صارفین پر نہیں ہو گا۔ بجلی کی قیمت میں اس اضافے سے صارفین پر 3 ارب 80 کروڑ کا بوجھ پڑے گا۔ یاد رہے کہ دس روز میں حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمت میں کیا جانے والے یہ دوسرا اضافہ ہے۔

(جاری ہے)

14 نومبر کو نیپرا نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 41 پیسے اضافے کی منطوری دی تھی۔نیپرا کو بتایا گیا تھا کہ کوئلے اور ایل این جی کے پاور پلانٹس کم چلائے گئے۔ اتھارٹی نے کوئلے اور ایل این جی کے پاور پلانٹس نہ چلانے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر فرنس آئل والے پاور پلانٹس کوئلے کی مدد سے چلائے جاتے تو بجلی کی قیمت میں 59 پیسے فی یونٹ کمی ہو سکتی تھی۔

سی پی پی اے میں مؤقف دیا گیا کہ ایل این جی نہیں مل سکی جس کی وجہ سے پاور پلانٹس نہیں چلے۔ جس پر نیپرا حکام نے کہا کہ ایل این جی کا نہ ملنا کوئی جواز نہیں ہے۔ نیپرا نے ہدایت کی کہ اس معاملے پر تحریری جواب جمع کروائیں۔ اپوزیشن اور عوام نے بجلی کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت نے عوام پر مہنگائی کے تابڑ توڑ حملے کرنا شروع کر دئے ہیں۔ حکومت کو غریب عوام کا خیال کرنا چاہئیے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں