وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت کابینہ کا خصوصی اجلاس جاری

کارکردگی تسلی بخش نہ ہونے پر وزرا کے قلمدان تبدیل ہوسکتے ہیں. ذرائع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 10 دسمبر 2018 13:09

وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت کابینہ کا خصوصی اجلاس جاری
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 10 دسمبر۔2018ء) وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت کابینہ کا خصوصی اجلاس جاری ہے، اجلاس میں وزیر اعظم فرداً فرداً ہر وزیر کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے، کارکردگی تسلی بخش نہ ہونے پر وزرا کے قلمدان تبدیل ہوسکتے ہیں. تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں.

اجلاس کا آغاز ساڑھے دس بجے وزیر اعظم آفس اسلام آباد میں ہوا جو رات 9 بجے تک جاری رہے گا. وزیر اعظم نے خصوصی کابینہ اجلاس کے لیے دیگر مصروفیات منسوخ کردی ہیں اور اپنا سارا دن وقف کردیا ہے.

(جاری ہے)

اجلاس میں وزارتوں اور ڈویژنز کو کارکردگی بتانے کا موقع دیا جائے گا اور وزیر اعظم فرداً فرداً ہر وزیر کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے‘ ہر وزیر کے پاس بریفنگ کے لیے 10 منٹ کا وقت ہوگا جبکہ بریفنگ کے بعد وزرا سے 5 منٹ سوالات اور جوابات کے ہوں گے.

بریفنگ کے بعد ہر وزیر اپنی وزارت کے متعلقہ سیکرٹری کے ہمراہ وزیر اعظم سے ملاقات بھی کرے گا جو 10 سے 15 منٹ پر مشتمل ہوگی. ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزرا کو 100 روزہ کارکردگی کی رپورٹس ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے‘ کارکردگی تسلی بخش نہ ہونے پر وزرا کے قلمدان تبدیل ہوسکتے ہیں. یاد رہے کہ وزیر اعظم نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ تمام وزرا کی 100 دن کی کارکردگی کا جائزہ خود لوں گا، وزرا کی کارکردگی دیکھ رہا ہوں ہوسکتا ہے کئی وزیر تبدیل کرنے پڑیں.

اس سے قبل مختلف وزارتوں اورڈویژن کی کارکردگی رپورٹ 27 نومبر کو جمع کی گئی تھی‘ کارکردگی میں وفاقی وزیر مراد سعید اور شیخ رشید میں سخت مقابلہ ہے‘ دونوں وفاقی وزرا نے 100 روزہ اہداف بر وقت مکمل کر لیے ہیں. وزیر ریلوے شیخ رشید نے وزارت میں 2 ارب جبکہ وزیر مواصلات مراد سعید نے 3 ارب سے زائد کی آمدن کا ریکارڈ بنایا ہے. کامیاب سفارتکاری اور غیر ملکی رابطوں میں تیزی کے شاندار ریکارڈز کی بدولت وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی کارکردگی میں آگے ہیں جبکہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی سب سے آگے ہیں.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں