وزیراعظم کی ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستانی عوام سے تعاون کی اپیل

قوم آگے بڑھے اور وطن عزیز کو پولیو سے پاک سرزمین بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے ،ْ وزیر اعظم عمران خان

پیر 10 دسمبر 2018 15:20

وزیراعظم کی ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستانی عوام سے تعاون کی اپیل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستانی عوام سے تعاون کی اپیل کردی۔ انسداد پولیو مہم کے لیے قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قوم آگے بڑھے اور وطن عزیز کو پولیو سے پاک سرزمین بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔واضح رہے کہ پولیو کے انسداد کیلئے رواں سال کی آخری مہم کا پیرسے آغاز ہوگیا ہے جس کے دوران 3 کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں جائیں گے۔

قومی ایمرجنسی سینٹر برائے انسداد پولیو اسلام آباد سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق چار روزہ پولیو مہم میں 2 لاکھ70 ہزار صحت محافظ حصہ لے رہے ہیں، جو گھر گھر جاکر پیدائش سے لے کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا یقینی بنائیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سال ملک بھر سے پولیو کے 8 کیسز رجسٹرڈ ہوئے ہیں، جن میں بلوچستان کے ضلع دکی سے تین، خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ سے ایک، کراچی کے علاقے گڈاپ سے ایک، خیبر پختونخواہ کے ضلع خیبر سے ایک اور باجوڑ سے دو کیسز شامل ہیں۔

تاہم 2014ء سے پولیو کے کیسز میں 97 فیصد کمی آئی ہے۔ 2014ء میں پولیو کے 306 کیسز رپورٹ ہوئے تھے قومی ایمرجنسی سینٹر برائے انسداد پولیو کے مطابق اس بڑی کامیابی کے باوجود نومبر میں ملک کے سات بڑے شہروں کے گٹر کے پانی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ،ْ ان شہروں میں سندھ میں سکھر، کراچی، خیبر پختونخوا میں پشاور اور مردان، پنجاب میں لاہور، راولپنڈی اور دارالحکومت اسلام آباد شامل ہیں۔

انسدادپولیو کے لیے وزیراعظم کے فوکل پرسن بابر بن عطاء نے بھی والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہر پاکستانی، صحت محافظ کا کردار ادا کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کے گھر اور گردونواح میں کو ئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے۔اس حوالے سے کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی سینٹر برائے انسداد پولیو ڈاکٹر رانا صفدر نے بتایا کہ موجودہ موسم پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے بہترین ہے اور قومی انسداد پولیو پروگرام کی پوری کوشش ہے کہ اس وائرس کو پولیو مہم کے ذریعے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خاتمہ کردیا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں