نااہل حکومت فیتے کاٹنے کیلئے ہمارے منصوبے چوری کررہی ہے ،ْمریم اورنگزیب

پیر 10 دسمبر 2018 16:31

نااہل حکومت فیتے کاٹنے کیلئے ہمارے منصوبے چوری کررہی ہے ،ْمریم اورنگزیب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2018ء) پاکستا ن مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جھوٹ کی عادی نااہل حکومت فیتے کاٹنے کیلئے ہمارے منصوبے بھی چوری کررہی ہے۔ پیر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے خلاف اسحاق ڈار کے دستخط شدہ معاہدے وزیراعظم عمران خان نے چوری کر کے اپنے بنالیے، اس معاملے پر معافی نہ مانگیں مگر شرمندہ تو ہوں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ابھی ایم او یوز کی چوری ہوئی ہے ترقیاتی منصوبوں کی بھی چوری ہوگی، نااہل حکومت کو سیالکوٹ میں کارکردگی دکھانے کیلئے شہباز شریف کی تختی ہٹا کر عمران صاحب کی لگانی پڑی۔انہوں نے کہا کہ ملک اور عوام کی خدمت کرنا نصیب نصیب کی بات ہے، نااہل اور جھوٹی حکومت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے منصوبوں کے افتتاح کرے گی اور اس نااہل حکومت کے نصیب میں صرف جھوٹ بولنا ہے۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے حکومت کو مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس حکومت کا اصل مسئلہ جھوٹ بولنا ہے اور جھوٹ بولنے پر اللہ نے ان کے کاموں سے برکت بھی ختم کردی۔مریم اور نگزیب نے کہاکہ ملک اور عوام کی خدمت کرنا نصیب نصیب کی بات ہے، اس نااہل حکومت کے نصیب میں صرف جھوٹ بولنا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ پہلے کہا گیا کہ ڈالر کی قیمت ٹی وی سے پتا چلی، پھر وزیرخزانہ نے کہا میں نے پہلے سے بتا دیا تھا،ان کے جھوٹوں پر شعر کہنا چاہوں گی۔

مریم اور نگزیب نے کہاکہ ’’جھوٹوں نے جھوٹوں سے کہا ہے سچ بولو، سرکاری اعلان ہوا ہے سچ بولو ،ْگھر کے اندر جھوٹوں کی اک منڈی ہے، دروازے پر لکھا ہے سچ بولو‘‘۔مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہا کہ یہ کارکردگی ہے اور یہی اصل حقیقت ہے اس حکومت کی، اصل میں ان کو جھوٹ کی عادت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں