وزیر خارجہ سے چینی معاون وزیر خارجہ کی ملاقات

چین کے ساتھ تعلقات خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے،شاہ محمود قریشی

پیر 10 دسمبر 2018 20:39

وزیر خارجہ سے چینی معاون وزیر خارجہ کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2018ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین کے معاون وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا ہے کہ چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔ دفترخارجہ کے مطابق گزشتہ روز چین کے معاون وزیر خارجہ مسٹر کونگ زوآن یو نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال اور خطے میں سیکورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ ملاقات میں خطے کو درپیش مسائل کے حل اور دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی طرف سے پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹیجک مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور سی پیک کے تحت ‘‘خصوصی اقتصادی زونز’’ کی جلد تعمیر پر زور بھی دیا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کابل میں ہونے والے دوسرے سہ رکنی پاکستان، چین افغانستان مذاکرات میں اپنی شرکت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کے لیے چین کی کاوشوں کی تعریف کی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، بہترین اور دیرپا نتائج کے حصول کے لیے سی پیک منصوبوں کے معاشرتی اور اقتصادی پہلووں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔

چینی معاون وزیر خارجہ نے کہا کہ چینی وزیر اعظم کے وژن کے مطابق پاکستان کی معاشی و معاشرتی ترقی اور غربت کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کے لیے پر عزم ہیں۔اس سے قبل پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات پر مذاکرات ہوئے ۔ پاکستان کی جانب سے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے وفد کی قیادت کی جبکہ چینی وفد کی قیادت پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے نائب وزیر خارجہ کونگ زوآن یو نے کی ۔ باہمی مذاکرات کے دوران دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور پاک چین تعلقات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ شمیم محمود، نامہ نگار

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں