احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کی سماعت(کل) تک ملتوی کردی

پیر 10 دسمبر 2018 23:22

احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کی سماعت(کل) تک ملتوی کردی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کی سماعت(کل) منگل تک ملتوی کردی ،سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے حتمی دلائل چوتھے روز بھی مکمل نہ ہوسکے۔ پیر کو العزیزیہ سٹل مل اور فلیگ شپ ریفرنس میں سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف عدالت میں پیش ہوئے۔

خواجہ حارث نے اپنے حتمی دلائل میں موقف اپنایا کہ یو اے ای سے آنے والے ایم ایل اے کے جواب کی صداقت مشکوک ہے ، الدار رپورٹ قابل قبول شہادت نہیں، الدار رپورٹ میں موجود انٹریز کافی نہیں ، ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا،کہا گیا کہ نوازشریف نے رقم مریم نواز کو تحفے کے طور پر دی ، مریم نواز اس کیس کی کارروائی میں شریک نہیں ہیں، استغاثہ کا کیس ہے کہ 88فیصد منافع نوازشریف کو منتقل ہوا اس لیے وہ اصل مالک ہیں ،استغاثہ یہ بھی کہتا ہے کہ رقم کا بڑا حصہ تقریباً 70فیصد نوازشریف نے مریم نواز کو تحفے میں دیا ،اس حوالے سے دیکھا جائے تو سب سے زیادہ بینفشری مریم نواز ہیں۔

(جاری ہے)

خواجہ حارث نے کہا کہ احتساب عدالت جے آئی ٹی رپورٹ کی بنیاد پر اپنا فیصلہ نہیں دے سکتی ،جو گواہ جے آئی ٹی میں پیش ہوئے وہ اس عدالت کے سامنے نہیں ہیں، واجد ضیاء یہ بیان نہیں دے سکتے تھے کہ طارق شفیع اور شہبازشریف نے دستخط پہچاننے سے انکار کیا۔ اس موقع پر نیب پراسیکیوٹرکاکہناتھاکہ کوئی دستاویز آپ کے حق میں تھی تو وہ آپ پیش کردیں جس پر خواجہ حارث نے جواب دیاکہ میرا ابھی یہ کیس نہیں ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں