مالم جبہ کیس کے پی حکومت کے گلے کی ہڈی بن گیا

وزیراعلیٰ محمود خان،صوبائی وزیر عاطف خان اور سینیٹر محسن عزیز کو نیب نے طلب کر لیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 10 دسمبر 2018 21:22

مالم جبہ کیس کے پی حکومت کے گلے کی ہڈی بن گیا
پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-10 دسمبر 2018ء) :مالم جبہ کیس میں وزیر اعلیٰ محمود خان ،صوبائی وزیر عاطف خان اور سینیٹر محسن عزیز کو نیب نے طلب کرلیا۔نیب کی جانب سے تینیوں شخصیات کو 14 دسمبر کو طلب کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نیب آجکل بہت متحرک ہو چکی ہے بالخصوص جب سے جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب کی باگ ڈور سنبھالی ہے ،نیب نے کرپشن کے خلاف بڑا محاذ کھول دیا۔

ایک جانب شریف خاندان کے خلاف کیسسز تیزی سے منطقی انجام کی جانب جا رہے تودوسری جانب دیگر کرپٹ سیاسی و سرکاری شخصیات کے خلاف تیزی سے کاروائیوں کا سلسہ جاری ہے۔اس حوالے سے خیبر پختونخواہ کے سابق وزیر اعلیٰ اور وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے گرد بھی گھیرا تنگ ہوچکا ہے۔نیب خیبرپختونخواہ نے مالم جبہ میں سرکاری اراضی فروخت کرنے کے معاملے پر انکوائری مکمل کر لی ہے اور اب اس کیس کا ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کچھ عرصہ قبل اس کیس پر مزید پیش رفت سامنے آئی۔نیب نے اس کیس پر مزید انکوائری کے لیے وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو 25 اکتوبر کو طلب کر لیا تھا۔پرویز خٹک کے دور میں جب مالم جبہ میں زمین لیز پر دی گئی تو اعظم خان اس وقت سیکرٹری سیاحت خیبر پختونخواہ تھے۔اعظم خان کو معلومات حاصل کرنے کی غرض سے نیب کی جانب سے طلب کیا گیا۔اعظم خان کو نیب پشاور میں پیش ہونے کا نوٹس بھیجا گیا ۔

اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ مالم جبہ کیس میں موجودہ وزیراعلیٰ محمود خان جو اس وقت وزیر سیاحت تھے انکو 14 دسمبر کو طلب کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ وزیرسیاحت عاطف خان جو اس وقت وزیرتعلیم تھے ان کو بھی طلب کیا گیا ہے جبکہ سینیٹر محسن عزیز بھی 14 دسمبر کو نیب پشاور کے سامنے پیش ہوں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں