وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت وزارتوں اور ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس

میں 26 وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا‘ اجلاس 9 گھنٹے جاری رہا وفاقی وزیرِ اطلاعات چوہدری فواد حسین کی کابینہ کے خصوصی اجلاس سے متعلق بریفنگ موجودہ حکومت نے ایک نہایت مشکل وقت میں حکومت سنبھالی ہے، آج ملک تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے، پاکستان آج خطہ کے دوسرے ممالک کے مقابلہ میں بھی بہت سارے شعبوں میں پیچھے رہ گیا ہے، ایسے حالات میں کچھ نہ کرنا یا معمول کے مطابق کارروائی آپشن نہیں ہے‘ وزیراعظم عمران خان

پیر 10 دسمبر 2018 23:58

وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت وزارتوں اور ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت وزارتوں اور ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں 26 وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ پیر کو کابینہ کے خصوصی اجلاس سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس 9 گھنٹے جاری رہا۔

وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایک نہایت مشکل وقت میں حکومت سنبھالی ہے، آج ملک تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے، پاکستان آج خطہ کے دوسرے ممالک کے مقابلہ میں بھی بہت سارے شعبوں میں پیچھے رہ گیا ہے، ایسے حالات میں کچھ نہ کرنا یا معمول کے مطابق کارروائی آپشن نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں غریب کی حالتِ زار کی بہتری کی بات اکثر ہوتی رہی ہے لیکن سابقہ حکومتوں اور موجودہ حکومت میں یہ فرق ہے کہ ہم نے ملک اور عوام کی حالت کی بہتری کی بات محض ووٹ حاصل کرنے کیلئے نہیں کی بلکہ ہم دل سے اس پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کینسر ہسپتال اور نمل یونیورسٹی کے قیام کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر نیت ٹھیک ہو اور ارادے مضبوط ہوں تو کوئی چیز ناممکن نہیں۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ آج ملک میں 40 فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے، 43 فیصد سٹنٹڈ گروتھ ہے، ان حالات میں ہم پر یہ ذمہ داری ہے کہ ہم موجودہ حالات کو ٹھیک کریں۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ وزارتوں کی کارکردگی کا ہر تین ماہ بعد باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور ہر وزارت کومزید ٹارگٹ دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سو دنوں میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ انہوں نے وزراء کو ہدایت کی کہ وزارتوں کی جانب سے ان سو دنوں میں جو اہداف مقر ر کئے گئے ہیں ان کے حصول کیلئے لائحہ عمل تشکیل دے کر ان کو یقینی بنایا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں