سی پیک قومی ترجیح ہے‘پاکستان کی چین کو یقین دہانی

پاکستان منصوبے کی کامیابی سے تکمیل کے لیے پر عزم ہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 11 دسمبر 2018 10:17

سی پیک قومی ترجیح ہے‘پاکستان کی چین کو یقین دہانی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 11 دسمبر۔2018ء) پاکستان نے پاک چین اقتصادی راہداری(سی پیک) کے منصوبوں کے حوالے سے اپنی ترجیحات دہراتے ہوئے ایک مرتبہ پھر چین کو یقین دہانی کروائی ہے کہ سی پیک اس کی قومی ترجیح ہے. رپورٹ کے مطابق چین کے ساتھ باہمی سیاسی مشاورت کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر اس عزم کااظہار کیا گیا ، اجلاس میں پاکستانی وفد کی سربراہی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کی جبکہ چینی وفد کی قیادت نائب وزیرخارجہ کونگ ژوان یو کررہے تھے.

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی طرف سے چین کو یہ پیغام دیا گیا کہ سی پیک حکومت ِ پاکستان کے لیے قومی ترجیح ہے اور وہ اس کی کامیابی سے تکمیل کے لیے پر عزم بھی ہے. یہ موقف بطور خاص سی پیک کی جوائنٹ کووآرڈینیشن کمیٹی (جے سی سی) کے آئندہ ہفتے بیجنگ میں منعقد ہونے والے اجلاس کے تناظر میں دیا گیا.

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے چین کا دورہ کیا تھا جسے تجزیہ کاروں سے پاک چین دوستی کا احیا قرار دیا تھا. دورے کے دوران دونوں ممالک نے سی پیک کے مستقبل کے حوالے سے سماجی و اقتصادی پہلو ، منصوبوں میں صنعتی ترقی کے لیے تعاون، نوکریوں کی فراہمی، اور صنعتی و ذرعی پارکس کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے منصوبوں کی بروقت تکمیل پرمکمل اتفاقِ رائے کا اظہار کیا تھا.

تاہم ایک جانب یہ افواہ بھی موجود تھی کہ وزیراعظم عمران خان کے دورے کے باوجود چین کو سی پیک کے مستقبل کے حوالے سے تشویش ہے. اس بارے میں بیان دیتے ہوئے دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے وفد نے سیاسی مشاورت کے دوران وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے بننے والی صورتحال کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا. بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں فریقین نے اسٹریٹجک کو آپریشن پارٹنر شپ کی توثیق کی اور سیاسی، اقتصادی، سیکورٹی، ثقافتی اور دیگر شعبوں میں مضبوط دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا.

چینی نائب وزیر خارجہ نے جنرل ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا اور پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی. اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ’ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے اور دو طرفہ تعاون کے امور پر گفتگو کی گئی. اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک چین دوستی کو باہمی بھروسے اور اعتماد پر مبنی قرار دیا، آئی ایس پی آر کے مطابق چینی عہدیدار نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام اور پاک فوج کی قربانیوں کی تعریف کی.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں