اوورسیز پاکستانیوں کے لیے موبائل فونز پر ڈیوٹی

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے وضاحت کردی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 11 دسمبر 2018 12:04

اوورسیز پاکستانیوں کے لیے موبائل فونز پر ڈیوٹی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 دسمبر 2018ء) : موجودہ حکومت نے اوور سیز پاکستانیوں کے لائے گئے فون پر ٹیکس عائد کیا تھا جس کے بعد موجودہ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا جب کہ اس حوالے سے اوورسیز پاکستانیوں میں بھی کافی تشویش پائی جاتی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے ایک وضاحتی پیغام جاری کر دیا ہے جس میں انہوں نے اس ٹیکس کے حوالے سے وضاحت کی ہے۔

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں حماد اظہر نے کہا کہ جو لوگ بیرون ملک سے پاکستان آرہے ہیں، اُن کے لیے موبائل فون ٹیکس پالیسی کچھ یوں ہے۔ ایک موبائل فون کو ڈیوٹی فری موبائل فون کے طور پر رجسٹر کروایا جا سکتا ہے۔ رومنگ پر چلنے والے کسی موبائل فون کی رجسٹریشن یا ڈیوٹی کی ادائیگی کی ضرورت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ایسے موبائل فون کی رجسٹریشن یا ڈیوٹی ٹیکس کی ادائیگی بھی ضروری نہیں ہے جسے پاکستان میں 30 دن سے کم استعمال کیا جانا ہے۔

حماد اظہر نے مزید کہا کہ ایسے کسی موبائل فون پر ڈیوٹی ٹیکس عائد نہیں ہو گا جسے پاکستان میں یکم دسمبر 2018ء سے پہلے ایکٹیویٹ یا استعمال کیا گیا تھا۔
حماد اظہر نے مزید بتایا کہ ڈیوٹی ٹیکس کی ادائیگی ائیرپورٹ یا پھر پاکستان بھر میں موجود کسٹم ہاؤسز میں کی جا سکتی ہے۔ رجسٹریشن یا ڈیوٹی ٹیکس کی ادائیگی کے وقت موبائل فونز ہرگز ضبط نہیں کیے جاتے۔

واضح رہے کہ اس حوالے سے کچھ دیر قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بھی ٹویٹر پیغام جاری کیا تھا۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی موبائل فون لا سکتے ہیں ، لیکن اضافی فون پر ٹیکس عائد ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دو ارب ڈالر کے فون درآمد ہو رہے ہیں ۔ موبائل درآمد پر ٹیکس عائد نہیں کریں گے تو کیسے چلے گا۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ 60 ڈالر سے کم قیمت کے موبائل فون پر ٹیکس نہ ہونے کے برابر ہے۔ مہنگے موبائل فون پر38 فیصد ٹیکس ہے۔ ہمیں ٹیکس کلچر اپنانا ہو گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں