گوادر بندرگاہ کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،

گوادر میں آئل سٹی کے قیام کیلئے سعودی حکومت سے مذاکرات ہورہے ہیں، وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسروبختیار کا بیان

منگل 11 دسمبر 2018 15:02

گوادر بندرگاہ کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسروبختیار نے کہا ہے کہ حکومت کی گوادر بندرگاہ کو بلیو اکانومی کے اصولوں کی بنیاد پرترقی اولین ترجیح ہے، گوادر میں آئل سٹی کے قیام کے لئے سعودی حکومت سے مذاکرات ہو رہے ہیں۔ منگل کو سی پیک سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت گوادر میں تعمیر و ترقی کے حوالے سے پرعزم ہے، سی پیک کے تحت گوادر میں بجلی، انفراسٹرکچر کے متعدد منصوبوں کے ساتھ ساتھ اہم منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے گوادر عالمی شہروں کی فہرست میں اپنا منفرد مقام حاصل کرلے گا۔

انہوں نے کہاکہ گوادر میں آئل ریفائنری کے علاوہ ساحلی علاقے اور ساحلی سیاحت کے ساتھ ماہی گیری اور سمندری غذا کیلئے آبی زراعت کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گوادر ایئر پورٹ کے ساتھ ساتھ گوادر ماسٹر سٹی پلان، ایسٹ بے ایکسپریس وے، گوادر ہستال کی اپ گریڈیشن اور آبنوشی منصوبوں پر بھی کام تیز کردیا گیا ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے گوادردنیا کے جدید شہروں کے صف میں شامل ہوجائے گا، حکومت پاکستان نے بلوچستان کے عوام کی سماجی و اقتصادی بہبود، انفراسٹرکچر، توانائی اور صحت کی سہولیات سمیت گوادر کی ترقی پر توجہ مرکوز کررکھی ہے، سی پیک کی صورت میں جاری منصوبہ نہ صرف علاقائی روابط کیلئے اہم ہوگا بلکہ بلوچستان سمیت پاکستان کے تمام صوبوں کی تقدیر بد ل کررکھ دے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں