حکومت تیل و گیس کی تلاش و پیداوار سمیت مختلف شعبہ جات میں موجود وسیع مواقع سے استفادہ کی خاطر سرمایہ کاروں کو سازگار فضا مہیا کرنے کیلئے پرعزم ہے

وزیر اعظم عمران خان کی اطالوی ملٹی نیشنل کمپنی ’’ای این آئی‘‘ کے سنٹرل ایشیاء ریجن کے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ لوکا وگناتی سے گفتگو

منگل 11 دسمبر 2018 16:04

حکومت تیل و گیس کی تلاش و پیداوار سمیت مختلف شعبہ جات میں موجود وسیع مواقع سے استفادہ کی خاطر سرمایہ کاروں کو سازگار فضا مہیا کرنے کیلئے پرعزم ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت تیل و گیس کی تلاش و پیداوار سمیت مختلف شعبہ جات میں موجود وسیع مواقع سے استفادہ کے لئے سرمایہ کاروں کو سازگار فضا مہیا کرنے کے لئے پرعزم ہے جبکہ کاروبار میں آسانی پیداکرنے اور کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔

انہوں نے یہ بات منگل کو تیل و گیس کے شعبہ میں اطالوی ملٹی نیشنل کمپنی ’’ای این آئی‘‘ کے سنٹرل ایشیاء ریجن کے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ لوکا وگناتی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وفد کے ہمراہ وزیر اعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ منیجنگ ڈائریکٹر ای این آئی پاکستان اینجیلو لگرون، کامران اجمل میاں اور شاہین چغتائی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

لوکا وگناتی نے وزیر اعظم کو 2000ء سے ملک میں تیل و گیس کی تلاش و پیداوار کے حوالے سے اپنی کمپنی کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم کو بتایاکہ ای این آئی پاکستان نے ایسے علاقوں میں مقامی آبادیوں کی ترقی کیلئے کئی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی ہے جہاں اس کے پاس تلاش و پیداوار کے لائسنس ہیں اور یہ تعلیم، صحت اور ماحولیات اور سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ای این آئی جدید ترین ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لاتے ہوئے بالخصوص ایل این جی اور آف شور تلاش و پیداوار میں اپنی کاروباری سرگرمیوں کو مزید وسعت دینا چاہتی ہے۔ وزیر اعظم نے ای این آئی کی طرف سے کاروبار کو وسعت دینے میں دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ معیشت کو درکار توانائی ضروریات اور ملک میں ہائیڈرو کاربن کے بڑے ذخائر کی موجودگی کے تناظر میں تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار سے متعلق کمپنیوں کے لئے بہت زیادہ مواقع موجود ہیں جن سے بالخصوص دنیا کی ممتاز کمپنیوں کو بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔ حکومت کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن معاونت کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں