ہم نے عہد کیا ہے کہ پاکستان کو ریاستِ مدینہ کے اصولوں پر چلائیں گے،طالب علم

دنیا کے سب سے عظیم رہنما حضور پاکؐ کی حیاتِ مبارکہ کے بارے میں تعلیم حاصل کریں، عمران خان ملک بھر میں یکساں اور معیاری نصابِ تعلیم رائج کرنے کیلئے کوشاں ہیں، بلوچستان کی تعمیر و ترقی بالخصوص طالب علموں کو تعلیم کے مواقع کی فراہمی اور وظائف دے کر تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے میں مدد کی جائے گی وزیرِاعظم عمران خان کی کیڈٹ کالج مستونگ کے طلباء سے گفتگو

منگل 11 دسمبر 2018 22:02

ہم نے عہد کیا ہے کہ پاکستان کو ریاستِ مدینہ کے اصولوں پر چلائیں گے،طالب علم
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) وزیرِاعظم عمران خان نے پاکستان کو ریاست مدینہ کے اصولوں پر چلانے کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالب علموں کیلئے ضروری ہے کہ وہ دنیا کے سب سے عظیم رہنما حضور پاکؐ کی حیاتِ مبارکہ کے بارے میں تعلیم حاصل کریں، ملک بھر میں یکساں اور معیاری نصابِ تعلیم رائج کرنے کیلئے کوشاں ہیں، بلوچستان کی تعمیر و ترقی بالخصوص طالب علموں کو تعلیم کے مواقع کی فراہمی اور وظائف دے کر تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے میں مدد کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بات منگل کو کیڈٹ کالج مستونگ کے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وزیرِ اعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

ملاقات میں طلباء کی جانب سے مختلف موضوعات پر وزیرِاعظم سے بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انسان کی پہچان، اس کے ارادوں اور اس کی سوچ سے ہوتی ہے، جو انسان جتنے بڑے خواب دیکھتا ہے، جتنے بڑے چیلنجز قبول کرتا ہے وہ اتنا ہی بڑا انسان ہوتا ہے، ہر چھوٹی کامیابی انسان کو بڑی کامیابیوں کیلئے تیار کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسان جب تک محنت جاری رکھتا ہے وہ اتنا ہی بڑا شخص بنتا جاتا ہے، انسان ہارتا اس وقت ہے جب وہ ہار مان لیتا ہے، اچھا اور برا وقت زندگی کا حصہ ہوتے ہیں، برا وقت انسان کو سبق سکھاتا ہے۔ وزیراعظم نے بلوچستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں پانی کا مسئلہ بہت سنگین ہے، بڑھتی ہوئی آبادی اور زیرِ زمین پانی کی سطح کے مزید نیچے جانے سے یہ مسئلہ اور بھی سنگین ہو چکا ہے، اس پر قابو پانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے ملک میں تعلیمی نظام کی صورتحال کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تین طرح کے نظام تعلیم نے مسائل کو جنم دیا ہے، مختلف طبقوں کیلئے مختلف نظام تعلیم کی کسی معاشرے میں گنجائش نہیں ہوتی، ہماری کوشش ہے کہ ملک بھر میں یکساں اور معیاری نصابِ تعلیم رائج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف وجوہات کی بنیاد پر صوبہ بلوچستان ملک کے باقی حصوں سے پیچھے رہ گیا ہے، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور خصوصاً طالب علموں کو تعلیم کے مواقع کی فراہمی کیلئے پوری کوشش کی جائے اور ان کو وظائف دے کر تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے میں مدد دی جائے۔

عمران خان نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں ترقیاتی فنڈز نچلی سطح پر منتقل کئے جائیں گے، دیہات کی سطح پر ترقیاتی فنڈز کی فراہمی سے بلوچستان کے علاقوں کی پسماندگی دور کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے معاشرہ میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں سپورٹس کا نیا نظام لائیں گے تاکہ نوجوانوں کو کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتیوں کے جوہر دکھانے کے مواقع میسر آئیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہم نے عہد کیا ہے کہ پاکستان کو ریاستِ مدینہ کے اصولوں پر چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ طالب علموں کے ضروری ہے کہ وہ دنیا کے سب سے عظیم رہنما حضور پاکؐ کی حیاتِ مبارکہ کے بارے میں تعلیم حاصل کریں تاکہ ان کی سیرتِ طیبہ سے رہنمائی حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آنحضرتؐ کی سیرت طیبہ پر ریسرچ کے فروغ کیلئے ملک کی تین بڑی جامعات میں سیرت چیئر قائم کی جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں