عثمان ڈار نے خواجہ آصف کی گرفتاری کا اشارہ دے دیا

معاملہ اس بات تک ختم نہیں ہوگا،سیالکوٹ کے خواجے بھی گرفت میں آئیں گے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 11 دسمبر 2018 20:49

عثمان ڈار نے خواجہ آصف کی گرفتاری کا اشارہ دے دیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 دسمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے خواجہ آصف کی گرفتاری کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ معاملہ اس بات تک ختم نہیں ہوگا،سیالکوٹ کے خواجے بھی گرفت میں آئیں گے۔تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو پیرا گون سٹی کرپشن کیس میں مبینہ طور پر مالی فوائد حاصل کرنے کے الزام میں لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت خارج ہونے پر گرفتار کرلیا، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور سابق صوبائی وزیر سلمان رفیق نے پیرا گون سٹی کرپشن کیس میں لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری کروا رکھی تھی‘ منگل کو وہ لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے تو نیب لاہور کی جانب سے پیرا گون سٹی کرپشن کیس میں پیش کئے گئے شواہد کی بناء پر ان کی ضمانت قبل از گرفتاری خارج کر دی گئی جس پر نیب لاہور کی ٹیم نے انہیں احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

قومی احتساب بیورو (نیب)کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق مسلم لیگ کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے خلاف انکوائری کے دوران نیب آرڈیننس 1999 کی شق 9A کے تحت بد عنوانی میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت ملنے کے بعد حقائق اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے ان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔اس حوالے سے تازہ ترین خبر کے مطابق عثمان ڈار نے اس گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے خواجہ آصف کی گرفتاری کا اشارہ دے دیا۔

انکا کہنا تھا کہ یہ معاملہ اس بات تک ختم نہیں ہوگا،سیالکوٹ کے خواجے بھی گرفت میں آئیں گے۔انکا کہنا تھا کہ نیب کا چئیرمین مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کا لگایا ہوا ہے ،ہمیں ابھی آئے 3 ماہ ہوئے ہیں ہم نے نیب میں چپڑاسی تک بھرتی نہیں کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں