حکومت ملک میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، عمران خان

حکومت ریگولیٹری فریم ورک بنانے کی ضرورت سے آگاہ ہے جو نہ صرف روایتی شعبے کو ریگولیٹ کرنے میں مدد دیگا بلکہ غذائی مصنوعات کے معیار کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا ، وزیراعظم کی اینگرو فوڈز اینڈ فرائیزلینڈ کمپینا کی عالمی لیڈرشپ سے ملاقات کے دوران گفتگو

منگل 11 دسمبر 2018 23:37

حکومت ملک میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، عمران خان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، ایک ریگولیٹری فریم ورک بنانے کی ضرورت سے آگاہ ہیں جو نہ صرف روایتی شعبے کو ریگولیٹ کرنے میں مدد دیگا بلکہ غذائی مصنوعات کے معیار کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا ۔وزیراعظم نے یہ بات منگل کو اینگرو فوڈز اینڈ فرائیزلینڈ کمپینا کی عالمی لیڈرشپ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

ملاقات میں پاکستان کے ڈیری کے شعبہ کی ترقی کے حوالے سے مختلف امورپر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر پریذیڈنٹ کنزیومر ڈیری فرائیزلینڈ کمپینا رائل وین نیربوس، منیجنگ ڈائریکٹر اینگرو فوڈز علی احمد خان اور ڈائریکٹر کارپوریٹ آفیئرز اینگرو سعود احمد پاشا کے علاوہ وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ صاحبزادہ محمد محبوب سلطان ، وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف اور متعلقہ سینئر حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

فرائیزلینڈ کمپینا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیئن شومیکر نے وزیراعظم کو ڈیری اور لائیو سٹاک فارمنگ کے شعبہ میں کمپنی کے 145 سالوں پر محیط وسیع تجربے اور پاکستان میں غذائی تحفظ کے فریم ورک کی تشکیل کے حوالے سے ممکنہ معاونت کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ڈیری کے شعبہ میں وسیع صلاحیت کے پیش نظر فرائیزلینڈ کمپینا یہاں غذائیت اور پیداوار کے حوالے سے ٹیکنالوجی اور بہترین طریقوں کو متعارف کرواتے ہوئے اپنے کاروبار کو مزید وسعت دینے کی خواہاں ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے فرائیزلینڈ کمپینا اور اینگرو فوڈز کی جانب سے پاکستان میں اپنے کاروبار کو وسعت دینے میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے اور سرمایہ کاروں کی ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔وزیراعظم نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں میں تسلسل اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایک ریگولیٹری فریم ورک بنانے کی ضرورت سے آگاہ ہے جو نہ صرف روایتی شعبے کو ریگولیٹ کرنے میں مدد دے گا بلکہ اس سے غذائی مصنوعات کے معیار کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں