نیو جرسی میں دیامربھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے تقریباً 3لاکھ ڈالرز کی رقم جمع کرلی گئی

پاکستان کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے ،ْ سینیٹر فیصل جاوید

منگل 11 دسمبر 2018 23:41

نیو جرسی میں دیامربھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے تقریباً 3لاکھ ڈالرز کی رقم جمع کرلی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) امریکی ریاست نیو جرسی میں دیامربھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے تقریباً 3لاکھ ڈالرز کی رقم جمع کرلی گئی۔ گزشتہ روز تحریک انصاف نیویارک کے زیر اہتمام نیوجرسی پاکستان میں دیامربھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈ ریزنگ کیلئے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ تقریب میں بزنس کمیونٹی، پاکستانی ڈاکٹرز و دیگر شخصیات نے ڈیم فنڈز کیلئے د ل کھول کر اپنے عطیات جمع کرائے، اور تقریباً 3لاکھ ڈالرز کی رقم جمع کرلی گئی ہے۔

(جاری ہے)

تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اپنے خطاب میں فیصل جاوید خان نے کہا کہ ڈیم فنڈ میں جمع ہونے والی رقم چیف جسٹس آف پاکستان کے ڈیم فنڈ اکائونٹ میں جمع کرائی جائے گی، ہم اوورسیز پاکستانیوں کا جذبہ دیکھ رہے ہیں، دبئی میں آدھے گھنٹے میں ایک ملین ڈالرز اکٹھے ہوئے۔ تقریب میں نیوجرسی کے عارف خان اور پاکستانی قونصل خانے کے قائمقام قونصل جنرل نعیم چیمہ نے بھی شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں