پاکستان شدت کے ساتھ تاجکستان کی چہار ملکی معاہدے میں شمولیت کا خواہاں ہے ،ْمراد سعید

ر آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی کے اجلاس میں تاجکستان کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا ،ْ تاجک سفیر سے گفتگو

منگل 11 دسمبر 2018 23:41

پاکستان شدت کے ساتھ تاجکستان کی چہار ملکی معاہدے میں شمولیت کا خواہاں ہے ،ْمراد سعید
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان شدت کے ساتھ تاجکستان کی چہار ملکی معاہدے میں شمولیت کا خواہاں ہے اور آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی کے اجلاس میں تاجکستان کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ تاجکستان اور دیگر وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ فضائی و زمینی رابطوں کو فروغ دینے کیلئے ٹھو س اقدامات کئے جائیں گے وہ منگل کو وزارت مواصلات میں پاکستان میں تعینات تاجکستان کے سفیر شیر علی ایس جونونوف سے دو طرفہ دلچسپی اموراور خیر سگالی ملاقات کے دوران تبادلہ خیال کررہے تھے ۔

اس موقع پر وزارت مواصلات کے وفاقی سیکرٹری شعیب احمد صدیقی، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی جواد رفیق ملک اور سینیئر جوائنٹ سیکرٹری الطاف اصغر سمیت دیگر حکام شریک تھے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے مابین رابطوں کے فقدان کا خاتمہ کیا جائے گا۔ تمام شعبوں میں خصوصاً سائنس و ٹیکنالوجی اور سیاحت کے میدان میں وسیع امکانات کے ساتھ تابناک مستقبل کی بنیاد کو استوار کیاجائے گا۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا وژن ہے کہ تجارت اور اقتصادیات کیلئے وسطی ایشیائی ریاستوں تک رسائی حاصل کی جائے۔سیاحت ہی مستقبل کی ترقی کا آئینہ دار ہے۔انہوں نے سفیر کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان ، تاجکستان روڈ ٹرانسپورٹ معاہدے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خواہاں ہے، حکومت پاکستان اس معاہدے کے قانونی طریقہ کار کے بارے میں تاجک حکومت کے جواب کے منتظر ہے تاکہ پاکستان بھی اس ضمن میں پیش قدمی کرسکے۔

قبل ازیں سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجکستان پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا خواہاں ہے۔معدنیات ،فروٹس،توانائی اور دیگر تجارتی شعبے میں وسیع امکانات موجودہیں۔تاجک ٹرانسپورٹر کراچی پورٹ تک رسائی چاہتے ہیں۔ انہیں ایف بی آر اور پاکستان کسٹم ڈیپارٹمنٹ کے درمیان درپیش مسائل کا سامنا ہے جس کا ازالہ کیاجائے۔ افغانستان، تاجکستان اور پاکستان کے درمیان مضبوط تجارتی نیٹ ورک کو فروغ دے کر ہی مستقبل کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسلام آباد تا دوشنبے براہ راست پرواز کا آغاز کرے اس شارٹ روٹ سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میںمزید اضافہ ہوگا اور عوام کے درمیان رابطے بڑھیں گے ،تجارت وسیاحت ترقی کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں تک شاہراتی نیٹ ورک کو برق رفتاری کے ساتھ مکمل کرے ،تاکہ اقتصادی راہداری کے امکانات روشن ہوسکیں اور پاکستان ،تاجکستان ،افغانستان ایک گلستان کا روپ دھار سکیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں