وزیراعظم نے وزراء کی کارگردگی کا جائزہ لینے کے لیے وفاقی کابینہ کا ایک اور اجلاس طلب کر لیا

اجلاس میں رہ جانے والی 6 وزارتوں کی کارگردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 26 وزارتوں کی کارگردگی کا جائزہ لیا گیا تھا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 12 دسمبر 2018 15:07

وزیراعظم نے وزراء کی کارگردگی کا جائزہ لینے کے لیے وفاقی کابینہ کا ایک اور اجلاس طلب کر لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 دسمبر 2018ء) :وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ ا ایک اور خصوصی اجلاس طلب کر لیا۔اجلاس میں رہ جانے والی 6وزارتوں کی کارگردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔پہلے مرحلے میں 26وزارتوں کی کارگردگی کا جائزہ لیا گیا تھا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے وزراء کی کارگردگی کے جائزے کے لیے ایک اور اجلاس طلب کر لیا ہے جو کہ ہفتے کو وزیراعظم آفس میں ہو گا۔

اس سے قبل زیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت وزارتوں اور ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں 26 وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔پیر کو کابینہ کے خصوصی اجلاس سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس 9 گھنٹے جاری رہا۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایک نہایت مشکل وقت میں حکومت سنبھالی ہے، آج ملک تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے، پاکستان آج خطہ کے دوسرے ممالک کے مقابلہ میں بھی بہت سارے شعبوں میں پیچھے رہ گیا ہے، ایسے حالات میں کچھ نہ کرنا یا معمول کے مطابق کارروائی آپشن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں غریب کی حالتِ زار کی بہتری کی بات اکثر ہوتی رہی ہے لیکن سابقہ حکومتوں اور موجودہ حکومت میں یہ فرق ہے کہ ہم نے ملک اور عوام کی حالت کی بہتری کی بات محض ووٹ حاصل کرنے کیلئے نہیں کی بلکہ ہم دل سے اس پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کینسر ہسپتال اور نمل یونیورسٹی کے قیام کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر نیت ٹھیک ہو اور ارادے مضبوط ہوں تو کوئی چیز ناممکن نہیں۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ آج ملک میں 40 فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے، 43 فیصد سٹنٹڈ گروتھ ہے، ان حالات میں ہم پر یہ ذمہ داری ہے کہ ہم موجودہ حالات کو ٹھیک کریں۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ وزارتوں کی کارکردگی کا ہر تین ماہ بعد باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور ہر وزارت کومزید ٹارگٹ دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سو دنوں میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ انہوں نے وزراء کو ہدایت کی کہ وزارتوں کی جانب سے ان سو دنوں میں جو اہداف مقر ر کئے گئے ہیں ان کے حصول کیلئے لائحہ عمل تشکیل دے کر ان کو یقینی بنایا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں