دسمبر 2019ء تک تین ہزار کلومیٹر اے بی سی کیبل لگائی جائے گی‘ وزیر توانائی عمر ایوب خان کا قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جواب

بدھ 12 دسمبر 2018 15:38

دسمبر 2019ء تک تین ہزار کلومیٹر اے بی سی کیبل لگائی جائے گی‘ وزیر توانائی عمر ایوب خان کا قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جواب
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) وزیر توانائی عمر ایوب خان نے قومی اسمبلی میں انکشاف کیا ہے کہ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ایک علاقہ میں جہاں اڑھائی سو میٹرز ہونے چاہئیں وہاں صرف تین میٹر سے پورے علاقے کو بجلی فراہم کی جارہی ہے‘ صرف پشاور پیسکو کی وجہ سے سرکلر ڈیٹ میں اڑھائی سو ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑا‘ 31 دسمبر 2019ء تک تین ہزار کلومیٹر اے بی سی کیبل لگائی جائے گی‘ اس پر کنڈا نہیں ڈالا جاسکتا‘ محکمہ موجود مافیا کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران حنا ربانی کھر کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بجلی چوری کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ سابق حکومتوں نے ٹرانسمیشن لائنوں پر کام نہیں کیا۔

(جاری ہے)

اڑھائی سو ارب روپے کی ایک سال میں بجلی چوری ہوتی ہے۔ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کو 65 سے 70 ارب روپے اس سال خسارہ ہوا۔ ایک ایک میٹر پر کئی کئی گھروں کو بجلی مل رہی ہے۔

اس میں عملہ بھی ملوث ہے ہم نے آٹھ ہزار افراد کے خلاف کارروائی کی ہے۔ پنجاب اور دیگر علاقوں میں ٹاسک فورس کام کر رہی ہے۔ 31 دسمبر 2019ء تک تین ہزار کلومیٹر اے بی سی کیبل لگائیں گے اس پر کنڈا نہیں لگتا۔ عبدالاکبر چترالی کے سوال کے جواب میں عمر ایوب نے بتایا کہ چترال میں پن بجلی کے بڑے مواقع ہیں۔ پاکستان میں پن بجلی کی استعداد 60 ہزار میگاواٹ ہے۔ 50 میگاواٹ سے زیادہ کے منصوبے وفاقی جبکہ اس سے کم والے صوبے کرتے ہیں۔ ہم بجلی کی اگلے سالوں میں طلب دیکھ کر مرحلہ وار کام کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں