احتساب سے نہیں گھبراتے، احتساب کے عمل میں انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے‘

خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جائیں‘ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

بدھ 12 دسمبر 2018 15:43

احتساب سے نہیں گھبراتے، احتساب کے عمل میں انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے‘
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم احتساب سے نہیں گھبراتے مگر احتساب کے عمل میں انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے‘ خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جائیں‘ جب احتساب انتقام میں بدل جائے تو یہ جمہوریت کے لئے خطرناک ہوتا ہے‘ ہم تحفظ نہیں چاہتے بلکہ انصاف کے طلبگار ہیں۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس ایوان کے رکن خواجہ سعد رفیق کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا، قاعدہ 103 کے تحت سپیکر کی ذمہ داری تھی وہ ایوان کو ان کی گرفتاری کے حکم کو پڑھ کر سناتے، انہوں نے کہا کہ ہم احتساب کے حق میں ہیں، ہماری حکومت کا احتساب ہونا چاہیے، جب احتساب انتقام میں بدل جائے تو یہ جمہوریت کیلئے خطرناک ہوتا ہے، قائد حزب اختلاف کی گرفتاری کے طویل عرصہ بعد بھی کوئی بات سامنے نہ آسکی، اگر ہم پارلیمنٹ کی بالادستی اور آزادی کی بات کرتے ہیں تو اس طرح کے معاملات پارلیمنٹ کے حوالے سے شکوک و شبہات پیدا ہورہے ہیں، اپوزیشن کو دبانے کے لئے احتساب کے ادارے استعمال ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم احتساب سے نہیں گھبراتے۔ مگر انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے واضح پابندی کے باوجود نیب کے چیئرمین اور دیگر حکام اپوزیشن کے رہنمائوں کا نام لے لے کر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہیں، شفاف ٹرائل کے حوالے سے آئین کا آرٹیکل 10 بھی پڑھ لیں، اگر اپوزیشن کا احتساب ہو رہا ہے تو حکومتی اکابرین اور ان کے عزیزوں کے ساتھ بھی رعایت نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی‘ کے پی میٹرو کیس اور دیگر افراد پر نیب کی طرف سے بنائے گئے کیسوں پر بھی گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں۔ جہانگیر ترین اور بابر اعوان بھی سپریم کورٹ کی ڈائریکشن کے باوجود آزاد پھر رہے ہیں، میں احتساب کے حق میں ہوں، اگر ہم نے کرپشن کی ہے تو ہمیں ضرور پکڑا جائے، مگر صرف ہمارا میڈیا ٹرائل ہوا ہے اور پارلیمنٹ کے حق میں بہتر نہیں ہوگا، ہم پروٹیکشن نہیں انصاف کے طلب گار ہیں۔ انہوں نے سپیکر سے مطالبہ کیا کہ خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں