خاتون اول بشریٰ بی بی 2018ء میں پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 12 دسمبر 2018 16:27

خاتون اول بشریٰ بی بی 2018ء میں پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 دسمبر 2018ء) : خاتون اول بشریٰ بی بی 2018ء کے دوران پاکستان میں معروف سرچ انجن گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان سے شادی کے بعد بشریٰ بی بی اکثر و بیشتر خبروں کی زینت بنی رہیں۔ عمران خان کے وزیراعظم بننے کے بعد بشریٰ بی بی نے بحثیت خاتون اول اپنا پہلا انٹرویو دیا جس نے ان کی مقبولیت میں اضافہ کر دیا۔

معروف سرچ انجن گوگل نے 2018ء کے دوران پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی پہلی 10 شخصیات کی فہرست جاری کی جس میں خاتون اول پاکستان بشریٰ بی بی کا نام سر فہرست ہے جو ان کی پاکستانی عوام میں مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر برطانوی شاہی خاندان کی بہو اور شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکلے، تیسرے نمبر پر پاکستانی گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع،چوتھے نمبر پر وزیراعظم عمران خان کی دوسری سابقہ اہلیہ ریحام خان اور پانچویں نمبر پر سلوسٹر سٹالون موجود ہیں۔

(جاری ہے)

گوگل پاکستان پر سال 2018ء میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی پہلی 10 شخصیات میں بالی وڈ اداکارہ و ماڈل سنی لیون، بالی وڈ اداکارہ سونالی بیندرے اور عالمی شہرت یافتہ ماہر اقتصادیات عاطف میاں بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز میں پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے روحانی پیشوا بشریٰ بی بی سے نکاح کر لیا تھا۔ جس کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی کی شادی خبروں کی زینت بنی رہی۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح کی تقریب میں قریبی دوست احباب شریک تھے، نکاح کی رسم انتہائی سادگی سے بشریٰ بی بی کی دوست کے گھر منعقد کی گئی۔ جس کے بعد 25 فروری کو پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے قریبی دوست احباب اور پارٹی رہنماؤں کو دعوت ولیمہ پر مدعو کیا، اس موقع پر پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے بشریٰ بی بی سے سب کا تعارف بھی کروایا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں