مسلم لیگ (ن) کے 7 اراکین نے این آر او کیلئے رابطہ کیا ،ْ مراد سعید کا دعویٰ

(ن) لیگ کے دور کے پراجیکٹ سے 46 کروڑ کی ریکوری کرلی ،ْجس بے دردی سے ملک کو لوٹا گیا ،ْہمارا عزم ہے ریکوری کرینگے، وزیر مملکت جس نے قوم کا ایک پیسا بھی لوٹا اس کے اثاثے ڈی چوک پر نیلام کیے جائیں اور قوم کا پیسہ لوٹنے والوں کو ڈی چوک پر پھانسی بھی دی جائے ،ْ قرارداد منظور کر نے کا مطالبہ

بدھ 12 دسمبر 2018 17:36

مسلم لیگ (ن) کے 7 اراکین نے این آر او کیلئے رابطہ کیا ،ْ مراد سعید کا دعویٰ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے 7 ارکان نے این آر او مانگا لیکن کیس چلیں گے اور کسی کو این آر او نہیں ملے گا۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مراد سعید نے (ن) لیگی اراکین کی جانب سے این آر او کے لیے رابطہ کیے جانے کے بیان پر اپوزیشن کی جانب سے ان افراد کے نام لیے جانے کا کہا گیا جس پر انہوں نے کہا کہ این آر او کیلئے سب سے پہلے جس نے رابطہ کیا وہ اس وقت ایوان میں موجود ہے۔

مراد سعید نے دعویٰ کیا کہ (ن) لیگ کے دور کے پراجیکٹ سے 46 کروڑ کی ریکوری کرلی ہے جس بے دردی سے ملک کو لوٹا گیا ہمارا عزم ہے ریکوری کرینگے، جن لوگوں نے پیسہ لوٹا، انہیں جیلوں میں بھی ڈالیں گے، اب ایسی پالیسیز بنائی ہیں کہ کوئی قوم کا پیسہ لوٹ کر نہ لے جاسکے، اس سلسلے کو بند ہونا چاہیے، جس نے بھی لوٹا ہے سب کا احتساب ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوم کے ٹیکس کے پیسے کی حفاظت کرنا ہمارا اولین فرض ہے، جو ٹیکے گزشتہ حکومت نے عوام کو لگائے وہ پیسے واپس لے کر آرہے ہیں۔

وزیر مملکت نے اسمبلی میں ایک علامتی قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں ایک قرارداد لایا ہوں کہ جس نے قوم کا ایک پیسا بھی لوٹا اس کے اثاثے ڈی چوک پر نیلام کیے جائیں اور قوم کا پیسہ لوٹنے والوں کو ڈی چوک پر پھانسی بھی دی جائے۔اس موقع پر اپوزیشن ارکان نے مطالبہ کیا کہ علیمہ خان سے احتساب شروع کیا جائے جس پر مراد سعید نے حامی بھری اور کہا کہ بالکل شروع کیا جائے۔

وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے کہا کہ جب بھی ایوان کی کارروائی شروع ہوتی ہے تو اپوزیشن لیڈر آتے ہیں اور ایک ہی سوال ہوتا ہے ہم پر الزام کیا ہے، نیب اور اداروں پر تنقید ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان کہتے ہیں ان پر اور ان کی حکومت پر کوئی الزام نہیں ، کیا کیا صاف پانی بڑا اسکینڈل نہیں کیا آشیانہ، ملتان اور راولپنڈی میٹرو بڑا اسکینڈل نہیں ۔

ملک محمد عامر ڈوگر کے ایم ون اسلام آباد پشاور موٹروے پر معیاری سروس سنٹرز کی سہولت میسر نہ ہونے سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے کہا کہ اس معاملے کا ہم نے جائزہ لیا ہے ،ْایم ون پر مسجد اور واش رومز بنانے کے لئے بولیاں آچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد‘ ملتان موٹروے پر موٹروے پولیس کے 295 اہلکار جلد تعینات کردیئے جائیں گے اور جلد ہی فیصل آباد ملتان اور عبدالحکیم سیکشن کو ٹریفک کے لئے جلد کھول دیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت مراد سعید نے کہا کہ موٹروے پر مہنگے داموں اشیاء فروخت کی جاتی ہیں۔ ہم نے اس حوالے سے اس معاملے پر متعلقہ صوبائی حکومتوں سے بات کی ہے۔ جس متعلقہ ضلع میں ریسٹ ایریا ہوگا ضلعی انتظامیہ قیمتوں کو مانیٹر کرنے کی ذمہ دار ہوگی۔نکتہ اعتراض پر حکومتی رکن ریاض فتیانہ نے کہا کہ ایم تھری موٹروے کھولنے کے حوالے سے وزیر مملکت کی یقین دہانی پر شکرگزار ہیں۔ ان کے استفسار پر وزیر مملکت مراد سعید نے کہا کہ ملتان سے سکھر موٹروے بھی بروقت مکمل ہو جائے گا اور ایم نائن پر بھی کام مکمل ہونے کے بعد لاہور سے کراچی تک موٹروے مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں خود بھی موٹروے پر ٹول ادا کرتا ہوں اور تمام وزراء کو بھی یہ ادائیگی کرنا ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں