حکومت عام آدمی کے سماجی، اقتصادی مقام کو بہتر بنانے اور غربت کو ختم کرنے کیلئے سرگرم ہے، فواد چودھری

اقوام متحدہ ہماری ترجیحات اور پالیسیوں کے مطابق حکومت کیساتھ مل کر کام کر رہا ہے،عوام کی بہتری کیلئے دور دراز علاقوں میں اقوام متحدہ کیساتھ مل کر مزید کام کرنے کے خواہاں ہیں، حکومت نے آزاد اور ذمہ دار میڈیا کے فروغ کیلئے سہولیات فراہم کرنے کا عزم کیا ہوا ہے، وزیر اطلاعات کی ریزیڈنٹ کوارڈنیٹر اقوام متحدہ سے گفتگو

بدھ 12 دسمبر 2018 23:26

حکومت عام آدمی کے سماجی، اقتصادی مقام کو بہتر بنانے اور غربت کو ختم کرنے کیلئے سرگرم ہے، فواد چودھری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چودھری فواد حسین نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عام آدمی کے سماجی، اقتصادی مقام کو بہتر بنانے اور غربت کو ختم کرنے کیلئے سرگرم ہے، اقوام متحدہ ہماری قومی ترجیحات اور پالیسیوں کے مطابق حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے،عوام کی بہتری کیلئے دور دراز علاقوں میں اقوام متحدہ کی ٹیم کیساتھ مل کر مزید کام کرنے کے خواہاں ہیں، حکومت نے آزاد اور ذمہ دار میڈیا کے فروغ کیلئے سہولیات فراہم کرنے کا عزم کیا ہوا ہے۔

بدھ کو وفاقی وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین سے سے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرنیٹر نیل بنے نے ملاقات کی ۔نیل بنے نے وفاقی وزیر فواد چودھری کو پاکستان میں اقوام متحدہ کی سرگرمیوں،منصوبوں اور مصروفیات کے بارے میں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے اقوام متحدہ اور اس کے اداروں کی جانب سے پاکستان کی ترقی کی ضروریات کو پورا کرنے کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ ہماری قومی ترجیحات اور پالیسیوں کے مطابق حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عام آدمی کے سماجی،اقتصادی مقام کو بہتر بنانے اور غربت کو ختم کرنے کیلئے سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان عوام کی بہتری کیلئے دور دراز علاقوں میں اقوام متحدہ کی ٹیم کے ساتھ مل کر مزید کام کرنے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یونیسکو کیساتھ مل کر ختم ہوتی موسیقی کے آلات اور عظیم تاریخی اور ثقافتی مقامات کو محفوظ بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ تاریخی مقامات میں راجہ پورس اور الیگزینڈر کے درمیان ہونیوالی جنگ کا علاقہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں میڈیا کو بے مثال آزادی حاصل ہے اور حکومت نے آزاد اور ذمہ دار میڈیا کے فروغ کیلئے سہولیات فراہم کرنے کا عزم کیا ہوا ہے۔اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوارڈنیٹر نیل بنے نے کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے حکومتی ترجیحات کو سراہا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں