حکومت اور تحریک لبیک پاکستان میں بیک ڈور رابطے

تحریک لبیک کے 322 رہنماؤں اور کارکنان کو رہا کر دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 13 دسمبر 2018 11:14

حکومت اور تحریک لبیک پاکستان میں بیک ڈور رابطے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2018ء) : تحریک لبیک پاکستان اور حکومت کے مابین بیک ڈور رابطے ہوئے جس کے تحت تحریک لبیک پاکستان کے تین سو سے زائد رہنماؤں اور کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا ۔ تحریک لبیک پاکستان کے اہم رہنما مولانا عبدالغفور تابانی اورحافظ اشتیاق کوٹلی آزادکشمیرجبکہ سید زین العابدین شاہ حافظ آباد کو بھی جیل سے رہا کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق موجودہ حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان بیک ڈور رابطے ہوئے ہیں ۔ گذشتہ ہفتے سے مختلف اوقات میں اہم حکام نے تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ مذاکرات کیے جس میں تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی کہ اب وہ امن کے راستے پر چلیں گے ،اور ایسا کوئی قدم نہیں اُٹھائیں گے جو ملکی مفاد کے خلاف ہو۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے مابین ہونے والے مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی جس کے پیش نظر گذ شتہ روز کراچی سنٹرل جیل، بنوں جیل،خضدار جیل ،کوٹلی جیل،صوبہ پنجاب کی لاہور اور حافظ آباد کی جیلوں سے پہلے مرحلے میں تحریک لبیک پاکستان کے 322 رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کردیا گیا۔

رہائی پانے والوں نے بھی اس بات کی یقین دہائی کروائی کہ وہ کوئی ایسا عمل نہیں کریں گے جو ملک میں بے چینی پیدا کرنے اورامن و امان کی صورتحال خراب کرنے کے زمرے میں آتا ہو۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے مابین ہونے والے مذاکرات کے تحت آئندہ دنوں میں دوسرے مرحلے میں بھی تحریک لبیک پاکستان کے مزید رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کیے جانے کا امکان ہے ۔ اس حوالے سےاُمید ظاہر کی جا رہی ہے کہ جلد تحریک لبیک پاکستان کے اہم قائدین کے متعلق بھی بڑی پیش رفت ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں