چیئرمین پی اے سی کافیصلہ،پرویزخٹک یوٹرن کےسوال پرمسکرا دیے

شہبازشریف کوچیئرمین بنانا مجبوری نہیں تھی لیکن ایوان کو بھی چلانا ہوتا ہے، ن لیگ کے ادوار کے پیراز کیلئے اعتراضات کیلئے الگ سب کمیٹی بنائی جائے گی۔وزیردفاع پرویز خٹک کی میڈیا سے مختصر گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 13 دسمبر 2018 15:36

چیئرمین پی اے سی کافیصلہ،پرویزخٹک یوٹرن کےسوال پرمسکرا دیے
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 دسمبر2018ء) وزیردفاع پرویز خٹک چیئرمین پی اے سی کے فیصلے پریوٹرن کے سوال پر مسکرا دیے، انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ شہبازشریف کو چیئرمین بنانا مجبوری نہیں تھی لیکن ایوان کو بھی چلانا ہوتا ہے۔وہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگو کررہے تھے۔ وزیردفاع پرویز خٹک سے سوال کیا گیا کہ ”کون سی مجبوریاں تھیں کہ حکومت کو مطالبہ مان کرشہبازشریف کو چیئرمین پی اے سی بنانا پڑا۔

“ اس سوال کے جواب میں پرویز خٹک نے کہا کہ مجبوریاں نہیں ہوتیں لیکن ایوان کو بھی چلانا ہوتا ہے۔پرویز خٹک نے کہا کہ ن لیگ کے ادوار کے پیراز کیلئے اعتراضات کیلئے الگ سب کمیٹی بنائی جائے گی۔ ذیلی کمیٹی کا سربراہ تحریک انصاف سے ہوگا۔

(جاری ہے)

پرویز خٹک ایک اور سوال ”اب چیئرمین پی اے سی کے فیصلے پر یوٹرن تونہیں ہوگا؟ “ کا جواب دیے بغیر مسکرا دیے۔

واضح رہے وفاقی حکومت اور اپوزیشن جماعتوں میں قومی اسمبلی میں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے مشاورت کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ مشاورت کے بعد دونوں جانب سے یہ طے پایا ہے کہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو ہی بنایا جائے گا۔حکومت اور اپوزیشن جماعتوں میں شہبازشریف کوچیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بنانے کا اتفاق اس بات پر ہوا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور پنجاب میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے ادوارکے منصوبوں کے آڈٹ پیراز کیلئے ذیلی کمیٹی بنائی جائے گی۔

ذیلی کمیٹی کی سربراہی حکومتی جماعت پی ٹی آئی کے پاس ہوگی۔واضح رہے گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کا پارلیمنٹ ہاؤس میں اجلاس ہوا تھا۔ جس میں پیپلزپارٹی نے تجویز پیش کی تھی کہ پارلیمنٹ کے تقدس کے پیش نظر اپوزیشن لیڈر کو ہی چیئرمین پی اے سی بنایا جائے گا۔ تاہم شہبازشریف کے ادوار کے پیراز کے آڈٹ کیلئے پی ٹی آئی کی سربراہی میں الگ کمیٹی بنادی جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں