وزیراعظم عمران خان کی چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کو کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لئے مختلف شعبہ جات میں درپیش تمام تر مسائل اور ان کے حل بارے جامع منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت

وزیراعظم ملک میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے بارے میں ہر ماہ جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے

جمعرات 13 دسمبر 2018 19:15

وزیراعظم عمران خان کی چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کو کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لئے مختلف شعبہ جات میں درپیش تمام تر مسائل اور ان کے حل بارے جامع منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت
سلام آباد۔ 13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لئے مختلف شعبہ جات اور اس کے ذیلی شعبوں میں درپیش تمام تر مسائل اور ان کے حل کے بارے میں جامع منصوبہ پیش کریں جبکہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم ملک میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے بارے میں ہر ماہ جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔

وزیراعظم نے جمعرات کو کاروبار میں آسانی پیدا کرنے اور مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سازگار فضاء پیدا کرنے سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی جس میں میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم، وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف، وفاقی سیکرٹریوں اور سینئر حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف نے وزیراعظم کو اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سرمایہ کاری بورڈ کاروباری لین دین میں سہولت پیدا کرنے، سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور ملک میں کاروبار کو خوش اسلوبی سے چلانے کے لئے تبدیلی کے محرک کے طور پر کام کرے گا۔

چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے وزیراعظم کو ٹیکسیشن، مالیات تک رسائی، ریگولیشن اور پالیسی امور اور سرخ فیتے سمیت کاروباری برادری کو درپیش مختلف مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے صوبوں اور متعلقہ وزارتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی اور سرکاری شعبے کے درمیان رخنے کو دور کرنے اور حکومتی پالیسیوں پر نجی شعبے کے اعتماد کی بحالی اور کاروباری برادری کی سہولت کا حامل ڈھانچہ وضع کرنے کے لئے خصوصی کاوشیں بروئے کار لا رہا ہے۔

چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے وزیراعظم کو ’’نیا پاکستان ڈیاسپورا فنڈ‘‘ کے بارے میں آگاہ کیا جو تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے کلیدی شعبوں میں ایس ایم ایز اور دیہی ترقی کے فروغ کے لئے قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کو سرمایہ کاری فریم ورک کے بارے میں آگاہ کیا جو یو اے ای، سعودی عرب، چین، جاپان اور ملائیشیا سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور عملی جامہ پہنانے کے لئے وضع کیا گیا ہے۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم ملک میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے بارے میں ہر ماہ جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔ وزیراعظم نے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کو ہدایت کی کہ مختلف شعبوں اور ان کے ذیلی شعبوں میں درپیش تمام مسائل اور کس طرح اس ضمن میں حکومت کی منظوری کے حصول، ٹیکسیشن کے ایشوز، تنازعات کے حل اور سرمایہ کاروں و کاروباری برادری کی سہولت سے متعلق طریقہ ہائے کار کو آسان بنا کر عمل کو صحیح خطوط پر استوار کیا جا سکتا ہے، کے بارے میں جامع منصوبہ پیش کریں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں