وزیراعظم ملک میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے بارے میں ہر ماہ جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے

وزیراعظم کی چیئرمین سرمایہ کاری بورڈکو ملک میں کاروبار میںآسانی پیدا کرنے کیلئے مختلف شعبہ جات ،اس کے ذیلی شعبوں میں درپیش مسائل اور ان کے حل بارے جامع منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت

جمعرات 13 دسمبر 2018 23:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے ملک میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کیلئے ہر ماہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈکو ملک میں کاروبار میںآسانی پیدا کرنے کیلئے مختلف شعبہ جات اور اس کے ذیلی شعبوں میں درپیش مسائل اور ان کے حل بارے جامع منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جمعرات کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے، مقامی وغیر ملکی سرمایہ کاروںکیلئے سازگار فضاء پیدا کرنے سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم، وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف، وفاقی سیکرٹریوں اور سینئر حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف نے وزیراعظم کو کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے حوالے سے اب تک اٹھائے جانیوالے اقدامات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سرمایہ کاری بورڈ کاروباری لین دین میں سہولت پیدا کرنے، سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور ملک میں کاروبار کو خوش اسلوبی سے چلانے کیلئے تبدیلی کے محرک کے طور پر کام کریگا۔

چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے وزیراعظم کو ٹیکسیشن، مالیات تک رسائی، ریگولیشن اور پالیسی امور اور سرخ فیتے سمیت کاروباری برادری کو درپیش مختلف مسائل کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے صوبوں اور متعلقہ وزارتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی اور سرکاری شعبے کے درمیان رخنے کو دور کرنے اور حکومتی پالیسیوں پر نجی شعبے کے اعتماد کی بحالی اور کاروباری برادری کی سہولت کا حامل ڈھانچہ وضع کرنے کیلئے خصوصی کاوشیں بروئے کار لا رہا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم کو یو اے ای، سعودی عرب، چین، جاپان اور ملائیشیا سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور عملی جامہ پہنانے کیلئے وضع کئے گئے سرمایہ کاری فریم ورک کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم ملک میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے بارے میں ہر ماہ جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔ وزیراعظم نے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کو مختلف شعبوں اور ان کے ذیلی شعبوں میں درپیش تمام مسائل اور کس طرح اس ضمن میں حکومت کی منظوری کے حصول، ٹیکسیشن کے ایشوز، تنازعات کے حل اور سرمایہ کاروں و کاروباری برادری کی سہولت سے متعلق طریقہ ہائے کار کو آسان بنا کر عمل کو صحیح خطوط پر استوار کیا جا سکتا ہے کے بارے میں جامع منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں