آفیسرز ہائوسنگ سکیم کری روڈ میں گھروں کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے، وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ طارق بشیر چیمہ کا ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال

جمعہ 14 دسمبر 2018 15:06

آفیسرز ہائوسنگ سکیم کری روڈ میں گھروں کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے، وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ طارق بشیر چیمہ کا ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ آفیسرز ہائوسنگ سکیم کری روڈ میں گھروں کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے، تمام سرکاری لاجز کے اچانک دورے کر کے سہولیات کا جائزہ خود لوں گا۔ جمعہ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر گیان چند کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ و تعمیرات طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ قصر ناز کراچی میں قیمتی سوئٹس 13 اور علیحدہ کمرے 58 ہیں، تمام کمروں میں اے سی کی سہولت موجود ہے، کل 197 اے سی نصب ہیں۔

چیئرمین نے کہا کہ تمام سرکاری لاجز میں اچانک دورے کریں اور سہولیات کا جائزہ لیں۔ جس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ اس ہدایت پر عمل کریں گے۔

(جاری ہے)

سینیٹر چوہدری تنویر کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم ہائوسنگ سکیم کے تحت وفاقی کالونی لاہور میں 120 ڈی او ای اپارٹمنٹس جنوری 2009ء میں شروع ہوئی، 168 اپارٹمنٹس کا قبضہ متعلقہ الاٹیز کو دیدیا گیا ہے۔

سینیٹر تنویر کے ضمنی سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کی جانب سے 2012ء میں شروع کی گئی، آفیسرز ہائوسنگ سکیم کری روڈ کے حوالے سے توقع ہے کہ درجہ ایک کے مکانات کی تعمیر 31 دسمبر 2018ء تک مکمل ہو جائے گی، درجہ دوم کے گھروں کی تعمیر جنوری 2019 تک مکمل ہو جائے گی، درجہ سوم کے گھر 31 مارچ 2019ء میں مکمل ہو جائیں گے، آئیسکو کی جانب سے بجلی کی فراہمی پر کام ہو رہا ہے، 27 میں سے 13 ٹرانسفارمرز لگائے جا چکے ہیں، 80 فیصد ایچ ٹی ایل کیبل بچھائی گئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں