اسلام آباد کے چند سیکٹرز میں 10 سال تک کی عمر کے بچوں کی پولیو ویکسین کا فیصلہ

افغان صوبے ننگرہار سے شروع ہونے والا پولیو وائرس ابتدائی طور پر پشاور پھر اسلام آباد سیکٹر آئی الیون سبزی منڈی میں پایاگیا ،ْرانا محمد صفدر

جمعہ 14 دسمبر 2018 19:26

اسلام آباد کے چند سیکٹرز میں 10 سال تک کی عمر کے بچوں کی پولیو ویکسین کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیوریج نظام میں پولیو وائرس کی مسلسل تشخیص کے بعد قومی پولیو پروگرام نے مختلف سیکٹرز میں ویکسین کی فراہمی کیلئے بچوں کی عمر کی حد دوگنا کرتے ہوئے اسے 5 سال سے بڑھا کر سے 10 سال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق جن علاقوں میں 10 سال تک کے عمر کے بچوں کو ویکسی نیشن دی جائے گی ان میں سیکٹر آئی 9، آئی 10، آئی 11، آئی 12، ایچ 11، ایچ 12، ایچ 13، نصیر آباد، چشتیہ آباد اور شمس کالونی شامل ہیں اس حوالے سے پولیو کے خاتمے لیے قائم قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کو آرڈینیٹر ڈاکٹر رانا محمد صفدر نے بتایا کہ افغانستان کے صوبے ننگرہار سے شروع ہونے والا پولیو وائرس ابتدائی طور پر پشاور میں پایا گیا، اس کے بعد یہ اسلام آباد میں اور سبزی منڈی (سیکٹر آئی-11) میں سیوریج میں مسلسل پایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک سروے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ افغانستان سے کچھ افراد نے ناقابل رسائی علاقوں سے پولیو وائرس لے کر مسلسل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے کچھ حصوں کا دورہ کیا تھا۔انہوںنے کہاکہ پولیو کیس کے امکانات کو ختم کرنے کیلئے ہم نے اسلام آباد کے مخصوص علاقوں میں ویکسی نیشن کیلئے عمر کی حد دوگنی کرنے کا فیصلہ کیا اور جاری انسداد پولیو مہم میں 10 سال تک کی عمر کے بچوں کو ویکسین دی جائیگی۔

ڈاکٹر رانا صفدر نے کہا کہ افغانستان سے اسلام آباد آنے والے بچوں کا نہ صرف کمزور مدافعتی نظام تھا بلکہ وہ مقامی بچوں میں وائرس منتقل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں اسلام آباد میں 5 سال کی عمر تک کے تقریباً 2 لاکھ 80 ہزار بچوں کو ویکیسن دی جاتی تھی جس کی تعداد اب بڑھ کر 3 لاکھ 50 ہزار ہوجائیگی، ہمیں امید ہے کہ یہ اقدام پولیو وائرس کے خاتمے میں مدد گار ثابت ہوگا۔

دوسری جانب پولیو کے خاتمے پر وزیر اعظم کے فوکل پرسن بابر بن عطا نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے انہیں آگاہ کیا کہ پشاور اور افغانستان کے ناقابل رسائی علاقوں سے لوگوں کی آمد کے باعث شہر میں مسلسل پولیو وائرس پایا گیا۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے تجویز دی کہ ویکسی نیشن کیلئے عمر کی حد کو دوگنا کرنا چاہیے جس پر میں نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ اضافی ویکسین اور دیگر امداد فراہم کردی جائیں گی۔علاوہ ازیں ایک سوال کے جواب میں بابر بن عطا نے کہا کہ آزادانہ نگرانی بورڈ (آئی ایم بی) کی گزشتہ رپورٹ میں مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ان کے پولیو پروگرامز کی توجہ صرف کیسز کی تعداد پر مرکوز تھی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں