سپریم کورٹ ،ْپمز میں ہاؤس جاب کرنے والے ڈاکٹرز کو 10 تاریخ تک وظائف ادا کرنے کا حکم

وظائف نہ دینے کی صورت میں کالجز کے سی ای او کے خلاف کارروائی ہوگی ،ْ عدالت عظمیٰ

جمعہ 14 دسمبر 2018 19:26

سپریم کورٹ ،ْپمز میں ہاؤس جاب کرنے والے ڈاکٹرز کو 10 تاریخ تک وظائف ادا کرنے کا حکم
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ نے پمز ہسپتال میں ہاؤس جاب کرنے والے ڈاکٹرز کو ہر ماہ کی 10 تاریخ تک وظائف ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وظائف نہ دینے کی صورت میں کالجز کے سی ای او کے خلاف کارروائی ہوگی۔ جمعہ کو چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے پمز میں ہاؤس جاب کرنے والے ڈاکٹرز کو وظائف کی عدم ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت درخواست گزارکے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 3 سو 70 میڈیکل گریجویٹس ہاؤس جاب کر رہے ہیں اور انہیں ایک پیسہ نہیں دیا جارہا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے گریجویٹس کو وظائف دینا ان کالجز کی ذمہ داری ہے، عدالت پی ایم ڈی سی کا سارا قانون بنا کر دے چکی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پمز ہسپتال کے نمائندے ڈاکٹر ندیم نے عدالت کو بتایا کہ آپ نے پمز کا وزٹ کیا تھا اس کے بعد وہاں انسریٹر فعال ہوچکے ہیں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر ایسا ہوا ہے تو یہ بڑی اچھی بات ہے۔

بعد ازاں عدالت نے ایک ماہ میں ہاؤس جاب کرنے والے ڈاکٹرز کو وظائف ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہر ماہ کی 10 تاریخ تک وظیفہ ادا کیا جائے۔عدالت نے خبردار کیا کہ اگر ادائیگی نہیں ہوتی تو ان کالجز کے سی ای او کے خلاف کارروائی ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں