اسلام آباد میں نیب کے مقدمات کی بھرمار

اسلام آباد میں تیسری نیب عدالت بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 17 دسمبر 2018 11:28

اسلام آباد میں نیب کے مقدمات کی بھرمار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17دسمبر۔2018ء) اسلام آباد میں تیسری احتساب عدالت بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں نیب کے مقدمات کی بھرمار اور مزید نئے نیب مقدمات دائر ہونے کے باعث وفاقی دارالحکومت میں احتساب عدالتوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔اس فیصلے کے بعد اسلام آباد میں احتساب عدالتوں کی تعداد 2 سے بڑھ کر 3 ہو جائے گی۔

احتساب عدالت نمبر 2 راولپنڈی گذشتہ 6 سال سے خالی پڑی ہے جب کہ راولپنڈی کی احتساب کی 3 عدالتوں میں صرف 10مقدمات زیر سماعت رہ گئے ہیں۔راولپنڈی کی احتساب عدالتوں میں گذشتہ 8 سال سے اکا دکا کیسوں کے سوا کوئی ریفرنس دائر نہیں کیا گیا۔اس لیے راولپنڈی کی اس نیب عدالت کو اسلام آباد کے کوٹے میں شامل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

نئے سال کے آغاز میں یہ تیسری نیب عدالت اسلام آباد شفٹ کر دی جائے گی۔

جب کہ راولپنڈی میں احتساب عدالتوں کی تعداد 4 سے کم کر کے 2 کی جا رہی ہے۔اسلام آباد کی دو احتساب عدالتوں میں اس وقت مجموعی طور پر 125 سے زائد ریفرنس زیر سماعت ہیں۔واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ کرپٹ سابق حکمرانوں کا احتساب کریں گے اور عوام کا لوٹا گیا پیسہ واپس لائیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ احتساب کی جنگ میں سب برابر ہوں گے پھر چاہے کوئی رہنما تحریک انصاف کا ہی کیوں نہ ہو اگر وہ کرپشن میں ملوث پایا گیا تو اس کا احتساب ضرور ہو گا۔

جب کہ دوسری جانب نیب بھی کرپٹ سابق حکمرانوں کے خلاف متحرک ہے۔اس وقت مسلم لیگ ن کی قیادت کو نیب مقدمات کا سامنا ہے جب کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نیب حراست میں ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں