نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت

سابق وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات بھی کریں گے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 17 دسمبر 2018 12:49

نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 17 دسمبر۔2018ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت ہوئی‘دورانِ سماعت نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے حتمی دلائل دیئے. جبل علی فری زون اتھارٹی سے متعلق نیب کی دستاویزات پر خواجہ حارث نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جافزا دستاویزات قانونی شہادت کے مطابق تصدیق شدہ نہیں ہے.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیکھنا ہوگا کہ کیا ان دستاویزات کو شواہد کے طور پرلیا بھی جاسکتا ہے؟ قانون کے مطابق بیرون ملک سے آئی دستاویزات اصل ہوں گی یاتصدیق شدہ؟خواجہ حارث نے مزید کہا کہ جہاں سے دستاویزات آئیں گی اس ملک کی جانب سے اصل ہونے کی تصدیق بھی لازم ہے، اس دستاویز کی پھر پاکستانی اتھارٹی بھی تصدیق کرے گی کہ یہ متعلقہ حکام سے ملی ہے.

نواز شریف کے وکیل کا اپنے حتمی دلائل میں یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستانی قونصل خانہ یا ڈپلومیٹک ایجنٹس اس بات کی تصدیق کرے گا، یہ طریقہ کار اختیار نہیں کیا گیا تو پھر وہ دستاویز ثابت نہیں ہوگی. دوسری جانب مسلم لیگ نون کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف آج پارلیمنٹ ہاﺅس جائیں گے، جہاں ان کی اپنے بھائی اور قومی اسمبلی قائد حزب اختلاف شہبازشریف سے ملاقات متوقع ہے جبکہ نون لیگ کی سیاسی حکمت عملی کا جائزہ لینے کیلیے منعقدہ اجلاس میں بھی شریک ہوں گے.

مسلم لیگ (ن )کے ذرائع کے مطابق نون لیگ کے قائد نواز شریف پارلیمنٹ ہاﺅس میں شہباز شریف سے ملاقات کریں گے جس میں وہ شہباز شریف سے ان کی صحت کے حوالے سے دریافت کریں گے. ملاقات میں پارٹی امور، نیب کیسز اور سیاسی حالات پر بھی گفتگو کا امکان ہے.نوازشریف مستقبل کی سیاسی حکمت عملی وضع کرنے اور اپوزیشن کو متحد رکھنے کے حوالے سے پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں