مہنگائی کے مارے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے لیے حکومت کا ضمنی بجٹ لانے کا اعلان

ضمنی بجٹ سے خسارہ کم کرنے میں مدد ملے گی ‘ عوام کے ریلیف کے لیے اقدامات کررہے ہیں . وفاقی وزیر خزانہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 17 دسمبر 2018 13:18

مہنگائی کے مارے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے لیے حکومت کا ضمنی بجٹ لانے کا اعلان
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 17 دسمبر۔2018ء) مہنگائی کے مارے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے لیے حکومت نے ضمنی بجٹ لانے کا فیصلہ کرلیا ہے . ضمنی بجٹ سے پہلے سے پریشان حال شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگا ‘ماہرین کا کہنا ہے کہ عوام میں مزید معاشی بوجھ اٹھانے کی سکت نہیں رہی اس طرح کے اقدامات سے حکومت کے خلاف عوامی تحریک جنم لے سکتی ہے.

دنیا بھر میں حکومتیں عوام میں ضروریات زندگی پر سبسڈی دیتی ہیں جبکہ پاکستان میں حکومتوں نے ضروریات زندگی پر ٹیکسوں کو ہی آمدن کا ذریعہ بنا رکھا ہے .

(جاری ہے)

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ ضمنی بجٹ سے خسارہ کم کرنے میں مدد ملے گی جبکہ آئی ایم ایف کو چینی قرضوں کی تفصیلات فراہم کردی ہیں. وفاقی وزیر خزانہ کہا کہ اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی اور حکومت کی مالیاتی پالیسی ہم آہنگ اور ایک ہی سمت میں گامزن ہیں، ضمنی بجٹ سے خسارہ کم کرنے میں مدد ملے گی، عوام کے لیے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر، انفرا اسٹرکچر منصوبے اور صنعت و برآمدات کو سہولتوں کی فراہمی ہماری ترجیحات ہیں، عوام کے ریلیف کے لیے ایسے بہت سے اقدامات کررہے ہیں جن سے معیشت پر منفی اثر نہیں پڑے گا.

اسد عمر نے کہا کہ امریکا نے جو سوال اٹھائے ان کے جواب دے دیے، آئی ایم ایف کے بورڈ میں امریکی نمائندگی 16.5 فیصد ہے اور 83.5 فیصد دیگر ممالک ہیں، چینی قرضوں کے بارے میں ایسی کوئی چیز نہیں جسے چھپانے کی ضرورت ہو، ان کی تفصیل نہ چھپائی ہے اور نہ ہی چھپائی جاسکتی ہے، آئی ایم ایف کو چینی قرضوں کی تفصیلات فراہم کرچکے ہیں. وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ خسارے پر قابو پانے کے لیے ٹیکس نیٹ کو وسیع اور ٹیکس چوری پر قابو پایا جارہا ہے، ضمنی فنانس بل سے مالیاتی خسارہ پچھلے سال سے بہت کم رہے گا، کرنسی کی قدر میں مزید کمی کے بارے میں اسٹیٹ بینک ہی کوئی فیصلہ کرے گا، ایف بی آر کی بہتری کے لیے پالیسی اور ٹیکسوں میں ردوبدل پہلے دن سے جاری ہے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں