اپوزیشن نے معمول کی قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی لینے سے انکار کردیا

حکومت سے داخلہ اور خارجہ سمیت اہم امور والی قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی مانگ لی

پیر 17 دسمبر 2018 16:29

اپوزیشن نے معمول کی قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی لینے سے انکار کردیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) اپوزیشن نے معمول کی قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی لینے سے انکار کرتے ہوئے حکومت سے داخلہ اور خارجہ سمیت اہم امور والی قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی مانگ لی۔ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پارٹی تناسب کے حوالے سے قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی کا معاملہ طے پایا تھا جس کے تحت حکومت کو 20 اور اپوزیشن کو 19 قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی ملے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے طے کیا ہیکہ شماریات، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور موسمی تغیرات جیسی معمولی قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی قبول نہیں کریں گے ،ْ اپوزیشن کی جانب سے اہم امور والی قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی کا مطالبہ کیا گیا ہے جن میں خزانہ، اقتصادی امور، داخلہ، خارجہ اور دیگر اہم وزارتیں شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق سابق اپوزیشن لیڈر اور پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے بھی کسی قائمہ کمیٹی کی سربراہی لینے سے انکار کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق (ن) لیگ نے طے کیا ہے کہ سابق دور میں جو اس کے وزراء یا قائمہ کمیٹیوں کے سربراہ رہ چکے ہیں انہیں اب قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی نہیں دی جائے گی بلکہ نئے لوگوں کو موقع دیا جائیگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں