وزیراعظم عمران خان سے ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئلو کی ملاقات‘ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر ترک قیادت اور اپنی جانب سے مبارکباد دی‘

ترک صدر رجب طیب اردوان کی طرف سے وزیراعظم کو نیک خواہشات اور تہنیتی پیغام پہنچایا‘ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور سکیورٹی، بارڈر مینجمنٹ، امیگریشن اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال‘ ترک وزیر نے وزیراعظم عمران خان کو ترکی کے دورے کی دعوت دی

پیر 17 دسمبر 2018 23:20

وزیراعظم عمران خان سے ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئلو کی ملاقات‘ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر ترک قیادت اور اپنی جانب سے مبارکباد دی‘
اسلام آباد ۔ 17 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان سے ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئلو نے پیر کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ترک وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر ترک قیادت اور اپنی جانب سے مبارکباد دی اور ترک صدر رجب طیب اردوان کی طرف سے وزیراعظم کو نیک خواہشات اور تہنیتی پیغام پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ ترک قیادت جمہوریت، تعلیم اور انصاف کیلئے وزیراعظم کے وژن کی مداح ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور سکیورٹی، بارڈر مینجمنٹ، امیگریشن اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ دہشت گردی اور علاقائی امن کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے ترک وزیر داخلہ نے دہشت گردی کے انسداد کیلئے پاکستان کی کاوشوں اور قربانیوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ترک وزیر داخلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ترکی پاکستانی عوام کے دلوں میں خصوصی مقام رکھتا ہے اور وہ مصطفی کمال اتاترک اور اس کی موجودہ بصیرت انگیز قیادت کے تحت ترکی کی حالیہ سماجی و اقتصادی کامیابیوں کے مداح ہیں۔ وزیراعظم نے پاک۔ترک دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان موجودہ باہمی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے دہشت گردی جو نہ صرف کسی ایک ملک بلکہ پورے خطہ کیلئے خطرہ ہے، کے مسئلہ سے نبرد آزما ہونے کیلئے پاکستان کی مہارت اور تجربے کے تبادلہ کی پیشکش کی۔ وزیراعظم نے منی لانڈرنگ اور غیر قانونی امیگریشن کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔ ترک وزیر داخلہ نے کہا کہ ترکی منی لانڈرنگ کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو ہر ممکنہ معاونت فراہم کرے گا۔

دونوں رہنمائوں نے غیر قانونی امیگریشن کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے مضبوط نظام وضع کرنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔ ترک وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو ترکی کے دورے کی دعوت بھی دی جبکہ وزیراعظم نے ترک صدر سمیت ترک قیادت کیلئے نیک خواہشات ظاہر کیں اور صدر رجب طیب اردوان اور ان کی کابینہ کے ارکان کو پاکستان کے دورہ کی دعوت دی۔ ملاقات میں ترک وزیر داخلہ کے ہمراہ نائب وزیر داخلہ اسماعیل کتالی، پاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفی یرداکل، ترک ڈپٹی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل علی کرادکچی، ڈی جی مائیگریشن مینجمنٹ عبدالله ایاز اور یورپی یونین امور اور خارجہ تعلقات شعبہ کے سربراہ سواس انلو تھے جبکہ اس موقع پر وزیر داخلہ شہریار آفریدی، وزیراعظم کے سیکرٹری اعظم خان، خارجہ سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ، سیکرٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلیمان اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں