وزیر اعظم کے معاونین خصوصی برائے میڈیا امور افتخار درانی اور یوسف بیگ مرزا نے نجی ٹی وی چینل کے زخمی کیمرا مین کی عیادت کی

منگل 18 دسمبر 2018 16:58

وزیر اعظم کے معاونین خصوصی برائے میڈیا امور افتخار درانی اور یوسف بیگ مرزا نے نجی ٹی وی چینل کے زخمی کیمرا مین کی عیادت کی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) وزیر اعظم کے معاونین خصوصی برائے میڈیا امور افتخار درانی اور یوسف بیگ مرزا نے منگل کو نجی ٹی وی چینل کے زخمی کیمرا مین کی پمز میں عیادت کی۔ عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور افتخار درانی نے کہاکہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے گارڈز کے صحافی پر تشدد کرنے کاافسوسناک واقعہ رونما ہوا۔

انہوں نے کہاکہ صحافی گرمی اور سردی میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہیں لیکن سابق حکمرانوں کی شاہانہ سوچ ابھی تک ختم نہیں ہورہی۔ انہوں نے کہاکہ محمد نواز شریف نے جھوٹ بولا اور سپریم کورٹ نے بھی انہیں نااہل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی پر تشدد کی فوٹیج دیکھی ہے، یہ خطرناک حملہ تھا تاہم اللہ تعالیٰ نے انہیں بچالیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس واقع میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ تین سے چار عشروں سے عدم برداشت دیکھی جا رہی ہے جسے اب ختم ہونا چاہیے۔ افتخار درانی نے کہاکہ پارلیمنٹ میں اتنے گارڈز ساتھ لانے کی ضرورت نہیں تھی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف صادق اور امین نہیں ہیں اور سپریم کورٹ نے بھی انہیں نااہل قرار دیا ہے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور یوسف بیگ مرزا نے کہاکہ حکومت نے کیمرہ مین پر تشدد کے اس واقعہ پر فوری طورپر ایکشن لیا ہے۔

آئندہ اس طرح کے واقعات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے انہیں صحافی کی عیادت کے لئے انہیں بھیجا ہے۔ گزشتہ روز فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ان پر بڑا ظلم کیا گیا ہے تاہم اللہ تعالیٰ نے انہیں بچا لیا۔ انہوں نے کہاکہ انسانیت کا تقاضا یہ تھا کہ جو شخص بیہوش پڑاہو اسے بچایا جائے لیکن بچانے کی بجائے الٹا ان پر تشدد کیا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں